ہفتہ, اگست 15, 2026
اشتہار

اسٹریٹ کرائمز میں 14 فی صد کمی واقع ہوئی ہے، جاوید عالم اوڈھو

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (26 نومبر 2025): ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ شہر کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں 14 فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔

اے آئی جی جاوید عالم اوڈھو نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز میں مسلسل کمی آ رہی ہے، اور 14 فی صد کمی واقع ہو چکی ہے، سی سی ٹی وی کیمروں نے کرائم کی بیخ کنی میں بڑا اہم کردار ادا کیا۔

انھوں نے بتایا کہ 90 کی دہائی ایسا دور تھا جب بدامنی عروج پر تھی، ہم اس دور سے گزر گئے، اس شہر کے لوگوں نے بہت سختیاں جھیلیں، پولیس کے جوانوں نے قربانیاں دیں لیکن امن قائم کیا۔

کراچی : گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

ایڈیشنل آئی جی نے کہا ہم نے باریک بینی سے بھتہ طلبی کے کیسز کا جائزہ لیا، بھتے کے بہت سے کیسز کے معاملات کاروباری لین دین کے نکلے، بھتہ خوری کے کیسز میں 5 گینگسٹرز مارے گئے جب کہ 40 سے زائد گرفتار ہوئے، شوروم پر فائرنگ والے بھتہ کیس کے ملزم بھی گزشتہ شب پکڑے گئے۔

شاہین فورس کے بارے میں جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ یہ فورس سب سے زیادہ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں متحرک ہے، موٹر سائیکل پر پولیس اہلکار کا پہنچنا اور کرمنل کو پکڑنا آسان ہوتا ہے، میں نے حکومت سے مستقبل میں فیلڈ پولیسنگ کے لیے موٹر سائیکلیں مانگی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کراچی میں وائلنٹ کرائم کی شرح گزشتہ سال کی نسبت 55 فیصد کم ہوئی ہے، کراچی کے شہری اسٹریٹ کرمنلز کے نشانے پر تھے، انھیں زندگی کی نوید دی گئی، ٹیکنالوجی کی مدد سے 100 سے زائد کرمنلز گرفتار کیے گئے ہیں، پوری دنیا میں ٹیکنالوجی کا استعمال ہو رہا ہے، فیس ٹو فیس پولیسنگ جتنی کم کریں گے تو پولیس پر الزامات بھی کم لگیں گے۔

کراچی پولیس چیف نے کہا ٹریکس کا نظام حال ہی میں متعارف کرایا ہے اس میں شفافیت واضح ہے، اس نظام کے خلاف کورٹس میں جایا جا سکتا ہے، سسٹم بنا ثبوت کام نہیں کرتا، ہم نے ایک طرح سے اپنی اتھارٹی کو کم کیا ہے، اس میں کوئی تفریق نہیں، مجھے اور ڈی آئی جی لیول کے افسران کو چالان ملے ہیں، میرا ڈرائیور بھی اب سیٹ بیلٹ لگاتا ہے اسٹاپ لائن پر رکتا ہے، مجھے کہنا نہیں پڑتا۔

اہم ترین

نذیر شاہ
نذیر شاہ
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ نمائندہ خصوصی ہیں، وہ 16 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔

مزید خبریں