وزیر آباد : پنجاب میں کالج کے ایک طالب علم کے قتل کا سراغ لگانا پولیس کیلیے امتحان بن گیا، جبکہ مکان پر قبضہ کرنے والے ملزمان نے خاتون کو تشدد کرکے ہلاک کردیا۔
پنجاب میں کالج کے ایک طالب علم کے قتل کا سراغ لگانا پولیس کیلیے امتحان بن گیا،نوجوان کو نامعلوم ملزم نے گولی مار کر قتل کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرآباد کے تھانہ علی پور چتھہ کی حدود میں قائم نجی کالج میں سیکنڈ ائیر کے طالب علم کے قتل کا معاملہ پراسرار ہوگیا۔
پولیس تھانہ علی پور چھٹہ نے مقتول کے والد کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
طالب علم کے والد کا کہنا ہے کہ میرے 17 سالہ بیٹے کو نامعلوم ملزم نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے، پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزم کی تلاش شروع کردی۔
قبضہ مافیا کے تشدد سے خاتون جاں بحق
دوسرے واقعے میں وزیرآباد کے علاقے کوٹ بھاگا میں 20افراد نے مکان پر دھاوا بول دیا، ملزمان کے بہیمانہ تشدد سے خاتون جاں بحق ہوگئی۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مکان پر قبضے کی کوشش میں خاتون پر تشدد کیا، ملزمان کے تشدد سے مقتولہ کے دو بیٹے بھی زخمی بھی ہوئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے مقتولہ کے بیٹے کو مبینہ طور پر یرغمال بنا کر مکان کے کاغذات پر زبردستی دستخط کروائے۔
ملزمان آج مکان پر قبضہ کرنے آئے تو مزاحمت پر خاتون پر تشدد شروع کردیا، پولیس نے 3ملزمان سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔