کراچی : نجی اسکول میں گردن کی رگ کٹنے سے زخمی ہونے والا طالب علم چل بسا ، پانچویں کے طالب علم حذیفہ کو کانچ لگا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ماڈل کالونی میں اسکول میں کانچ لگنے سے زخمی ہونے والا بچہ چل بسا، طالب علم 5 دن وینٹی لیٹر پر رہا۔
حذیفہ کوماڈل کالونی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، اس موقع پر والدہ نے کہا کہ ہمیں یہ پیغام دینا تھا کہ اسکول والے بچوں کی حفاظت کریں۔
بچے کے والد کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ آئندہ کسی حذیفہ کےساتھ ایسا واقعہ نہ ہو ، انتظامیہ کو دیکھناچاہیےشیشےکی بوتل اسکول میں کیوں آئی۔
یاد رہے 24 فروری کو نجی اسکول میں گردن کی رگ کٹنے سے طالب علم شدید زخمی ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق حادثہ اسکول میں فن گالا پارٹی کے دوران پیش آیا، فن گالا پارٹی میں حذیفہ کو حادثاتی طور پر کانچ کی بوتل لگی، کانچ کا ٹکڑا لگنے سے حذیفہ زخمی ہوا تاہم واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
بعدازاں گردن کی رگ کٹنے سے طالب علم کے شدید زخمی ہونے پر اسکول کی رجسٹریشن معطل کر کے اس پر 75ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا تھا۔