اسلام آباد : اسلامی یونیورسٹی کی گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ کا خودکشی سے قبل بھیجا گیا دل دہلا دینے والا آخری پیغام سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تعلیمی کنسلٹنٹ کے ہاتھوں لاکھوں روپے کے فراڈ کا شکار بن کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی گولڈ میڈلسٹ طالبہ لائبہ کا خودکشی سے قبل بھیجا گیا دل دہلا دینے والا آخری پیغام سامنے آگیا۔
امریکی یونیورسٹی میں داخلے کے نام پر 70 لاکھ روپے کے فراڈ اور جعلی دستاویزات کا علم ہونے پر لائبہ شدید ذہنی صدمے کا شکار ہوگئی تھی۔
اپنے والد کے مالی حالات سے واقف لائبہ نے انتہائی قدم اٹھانے سے پہلے اپنے ماموں کو موبائل پر آخری پیغام بھیجا۔
لائبہ نے اپنے پیغام میں لکھا "میرے ساتھ ہونے والے فراڈ کے بارے میں میرے والد کو نہ بتائیے گا، وہ یہ صدمہ برداشت نہیں کر سکیں گے اور مر جائیں گے”۔
اہلخانہ کا کہنا تھا کہ لائبہ کے والد موٹر سائیکل پر دودھ فروخت کر کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات پورے کر رہے تھے اور انہوں نے اپنی بیٹی کو اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرونِ ملک بھیجنے کی خاطر اپنا پلاٹ بیچ کر 21 لاکھ روپے نقد دیے تھے جبکہ والدہ کے زیورات بھی بینک میں گروی رکھوا دیے تھے۔
FOLLOW ARY TUBE FOR MORE SUCH NEWS
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے معاملے کی تفتیش اور جعلی ڈاکومنٹس دینے والے کنسلٹنٹ کی تلاش شروع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد تھانہ رمنا کی حدود میں واقع ایک درخت سے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی ایک طالبہ کی لاش ملی تھی، جس کی شناخت لائبہ اعجاز دختر محمد اعجاز کے نام سے ہوئی، مقتولہ کی عمر 22 سال اور غیر شادی شدہ تھی، طالبہ اسلام آباد G-10 مرکز کے گلستان پلازہ، فلیٹ نمبر 8 کی رہائشی تھی۔


