بھارت کی ریاست بہار میں طلبا نے کلاس میں امتحان کے دوران نقل سے روکنے پر اسٹیٹک مجسٹریٹ کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بہار میں بورڈ کے امتحانات ہو رہے ہیں اور تشدد کا واقعہ ہریہر چوہدری انٹر اسکول میں پیش آیا۔
پنکج جیاسوال نامی مجسٹریٹ اسکول میں امتحان کے دوران اپنی سر انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے ایک کلاس میں کچھ طلبا کو نقل کرتے دیکھا۔
مجسٹریٹ نے طلبا کے امتحانی پرچے چھین لیے اور انہیں کلاس سے باہر جانے کو کہا جس پر 15 سے 20 طلبا نے ان پر تشدد کیا۔
تشدد سے مجسٹریٹ کا چہرہ اور آنکھیں بُری طرح متاثر ہوئیں۔ پنکج جیاسوال کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرِ علاج ہیں۔
پنکج جیاسوال نے زخمی حالت میں واقعے کے بارے میں بتایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔
اسکول انتظامیہ نے ملوث طلبا کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی۔