لودھراں: ڈپٹی کمشنر نے اے آر وائی نیوز کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے اسکول ہیڈ ماسٹر کو بچوں سے گارڈ کی ڈیوٹی لینے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق لودھراں گورنمنٹ اسکول پپلی والا میں طالب علموں سے گارڈز اور نائب قاصد کا کام لیا جا رہا تھا اور طالب علموں سے یہ کام مذکورہ اسکول کے ہیڈ ماسٹر لے رہے تھے۔
اے آر وائی نیوز نے اطلاع ملنے کے بعد اس معاملے کو اُٹھایا جس پر ڈپٹی کمشنر نے نوٹس لیتے ہوئے اسکول کے سرابراہان کو طالب علموں سے نائب قاصد اور گارڈز کے کام لینا سے روکتے ہوئے فوری طور پر نائب قاصد اور گارڈز بھرتی کرنے کے احکامات جاری کیے۔
ڈپٹی کمشنر نے اسکول سربراہان کو ہدایات جاری کیں کہ اسکول کے بچوں سے کسی بھی قسم کی ڈیوٹیاں ہرگز نہ لیں اور آئندہ ایسی خبریں ملنے پر سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب خبر نشر ہونے اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ایکشن لینے کے بعد سے اسکولوں میں میڈیا کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
واضح رہے سرکاری اسکولوں میں طالب علموں سے مشقت لیے جانے کی خبریں عام رہی ہیں جن میں بچوں سے اسکول کی صفائی ستھرائی کروانا اور مزدورں کی طرح مدد لینا بھی شامل ہے تاہم طالب علموں سے بہ طور نائب قاصد اور گارڈ کے ڈیوٹی لینے کا یہ منفرد واقعہ ہے جو محمکہ تعلیم کی بد انتظامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔