The news is by your side.

Advertisement

ملزم کو پکڑنے کی کوشش میں سب انسپکٹر کی بے ہوشی موت میں بدل گئی

لاہور: ہائی کورٹ میں ملزم کو پکڑنے کی کوشش میں ایک سب انسپکٹر کی بے ہوشی موت میں بدل گئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں ملزم کو پکڑنے کی کوشش میں سیالکوٹ سے آئے سب انسپکٹر محمد سلمان زندگی کی بازی ہار گیا، ہاتھا پائی کے دوران وہ بے ہوش ہوئے تاہم دوبارہ ہوش میں نہ آ سکے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں ملزم حسنین علی نے اپنی ضمانت کے لیے درخواست دائر کر رکھی تھی، سب انسپکٹر محمد سلمان مقدمے کا ریکارڈ لے کر عدالت میں پیش ہوئے تھے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔

کمرۂ عدالت کے باہر انسپکٹر محمد سلمان نے ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، جس پر ملزم اور انسپکٹر کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہو گئی، اسی دوران سب انسپکٹر سلمان بے ہوش ہو کر گر گئے جنھیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا مگر وہ جاں بر نہ ہو سکے۔

رپورٹس کے مطابق ملزم حسنین علی کی ماتحت عدالت سے بھی ضمانت مسترد ہوئی تھی۔

مبینہ تشدد سے سیالکوٹ سے آئے سب انسپکٹر کے جاں بحق ہونے کی خبر پر سی سی پی او شہزادہ سلطان نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ہائیکورٹ سیکیورٹی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

سی سی پی او نے حکم جاری کیا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور دیگر شواہد کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں