جمعرات, مئی 14, 2026
اشتہار

جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کروانا خاتون اے ایس پی کو مہنگا پڑگیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ عدالت میں جمع کرواناخاتون اے ایس پی کو مہنگا پڑگیا، عدالت نے خاتون فوجداری کارروائی شروع کرنے کا بڑا حکم جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے عدالت میں جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کرانے پر ایس ڈی پی او ڈیفنس (خاتون اے ایس پی) کے خلاف فوجداری کارروائی شروع کرنے کا بڑا حکم جاری کر دیا۔

خاتون پولیس افسر نے عدالت میں اپنی غیر حاضری کے حوالے سے موصول ہونے والے شوکاز نوٹس کے جواب میں میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیے تھے. عدالت نے شک گزرنے پر متعلقہ اسپتال سے ان سرٹیفکیٹس کی تصدیق کے لیے رپورٹ طلب کی تھی۔

متعلقہ اسپتال کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں خاتون افسر کے پیش کردہ میڈیکل سرٹیفکیٹ جعلی قرار دیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں کہنا تھا کہ مذکورہ تاریخ پر خاتون افسر نے نہ تو اسپتال کا دورہ کیا، نہ ہی ان کا کوئی علاج ہوا اور نہ ہی اسپتال کی جانب سے کوئی سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا۔

رپورٹ میں مزید واضح کیا گیا کہ ایمرجنسی اور او پی ڈی پرچیوں پر موجود دستخطوں میں بھی واضح فرق پایا گیا۔

خاتون پولیس افسر نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے یہ سرٹیفکیٹ "نیک نیتی” سے جمع کرائے تھے اور اگر کوئی غلطی ہوئی تو وہ غیر ارادی تھی۔

تاہم عدالت نے اسے مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ جعلی دستاویز کو اصل ظاہر کر کے پیش کرنا قانونی طور پر سنگین جرم ہے، پولیس افسران سے قانون کی مکمل پاسداری کی توقع کی جاتی ہے، اگر وہ ایسے اقدامات میں ملوث ہوں گے تو پورا نظامِ انصاف متاثر ہوتا ہے ، پولیس افسران کے جرائم کو عام شہریوں کی نسبت زیادہ سختی سے دیکھا جانا چاہیے۔

عدالت نے قرار دیا کہ خاتون پولیس افسر سنگین مس کنڈکٹ کی مرتکب ہوئی ہیں، لہٰذا ان کے خلاف جعلی دستاویز پیش کرنے پر براہِ راست شکایت داخل کی جائے اور محکمہ پولیس ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کرے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں