خرطوم (25 نومبر 2025): سوڈان کے نیم فوجی دستوں نے یک طرفہ طور پر جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق سوڈان کی ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) نے ملک کی خانہ جنگی میں یک طرفہ طور پر انسانی بنیادوں پر 3 ماہ کی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔
کمانڈر آر ایس ایف محمد حمدان دگالو نے پیر کو ایک ریکارڈ شدہ خطاب میں کہا ہم 3 ماہ کی انسانی جنگ بندی کا اعلان کرتے ہیں، اس جنگ بندی میں دشمنی کا خاتمہ بھی شامل ہے۔ تاہم سوڈانی مسلح افواج (SAF) جس کی قیادت جنرل عبدالفتاح البرہان کر رہے ہیں، نے فوری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ کوئی معاہدہ طے پا گیا ہے۔
یوکرین جنگ کا خاتمہ : روسی صدر کا اہم بیان سامنے آگیا
واضح رہے کہ البرہان نے اتوار کو امریکی جنگ بندی کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا، یہ تجویز مصر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور امریکا پر مشتمل گروپ ’کواڈ‘ کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔
عبدالفتاح البرہان نے خاص طور پر، گروپ میں متحدہ عرب امارات کی موجودگی پر اعتراض کیا تھا، کیوں کہ ان کا کہنا ہے کہ سوڈانی نیم فوجی دستوں کو اسلح اور فنڈ وہی فراہم کر رہا ہے جب کہ یو اے ای اس الزام کو مسترد کرتا آ رہا ہے۔
یاد رہے کہ آر ایس ایف نے اس سے قبل اس ماہ کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ اس نے کواڈ کی طرف سے پیش کی گئی جنگ بندی کی تجویز پر اتفاق کر لیا ہے، لیکن اس کے فوراً بعد سوڈانی افواج کے زیر قبضہ علاقے پر ڈرون حملے دوبارہ شروع کر دیے۔


