سعودی عرب میں شادی سے ایک دن پہلے اچانک دلہن کی موت واقع ہوگئی جس کے نتیجے میں خاندان کی خوشیاں سوگ میں بدل گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں 20 سالہ رغد سلمان حسن الفیفی نامی لڑکی کی شادی 28 مئی کو اپنے چچا زاد امین بن سلیمان سے ہونا تھی تاہم شادی سے ایک دن قبل ہی اس کی اچانک موت واقع ہوگئی اور جس دن اس نے عروسی جوڑے میں پیا گھر رخصت کرنا تھا اس روز وہ کفن پہنا کر سپرد خاک کر دی گئی۔
دلہن کی اچانک موت سے دونوں خاندانوں کی خوشیاں سوگ میں تبدیل ہوگئیں دوست احباب غم میں ڈوب گئے۔
متوفی دلہن کے غمزدہ والد نے بیٹی کی شادی کا دعوت نامہ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے احباب سے اس کے بلند درجات کے لیے درخواست کی دعا کی۔
دکھ بھری اس جذباتی پوسٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے اور لڑکی کے بلند درجات کے لیے دعا کے ساتھ خاندان کو صبر کی تلقین کی ہے۔