قاہرہ: مصر کی نہر سویز میں کنٹینرز سے لدا مال بردار جہاز پھنس گیا جس کی وجہ سے سمندری راستہ بند ہوا اور دیگر جہازوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق تائیوان کی نجی کمپنی ایور گرین کی زیرملکیت جہاز مصر میں واقع نہر سویز سے گزر رہا تھا کہ اسی دوران وہ مٹی میں دھنس گیا۔
مزید پڑھیں: مصر: بحری جہاز پھنس گیا، دنیا کا اہم سمندری راستہ بند
کپتان کے مطابق تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے مٹی میں دھنسنے والا جہاز اب ترچھا ہوگیا جس کی وجہ سے سمندری ٹریفک کی روانی بالکل بند ہوگئی ہے۔
ماہرین نے اس جہاز کی سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر شیئر کیں جن میں دیگر جہازوں کو اپنی باری کا انتظار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
بحیرہ احمر کو بحیرہ روم سے ملانے والی نہر سویز کا سمندری راستہ بند ہونے کی وجہ سے کنٹینروں اور کشتیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ہیں۔
400 میٹر لمبے اور 60 میٹر چوڑے اس جہاز کو 193 کلومیٹر طویل اور 205 میٹر چوڑی نہر میں پھنسے ہوئے دو روز گزر گئے ہیں۔ آمد و رفت بند ہونے کی وجہ سے دو روز میں 200 سے زائد جہاز قطار میں لگ کر اپنی باری کا انتظار کررہے ہیں۔
کمپنی ایور گرین مرین کارپس کے مطابق دو روز قبل مال بردار جہاز چین سے نیدر لینڈز کے شہر روٹر ڈیم جا رہا تھا کہ اسی دوران ہوا کے تیز دباؤ کی وجہ سے اس کی سمت بدل گئی اور یہ مٹی میں دھنس گیا۔
Parking Lot south of #SuezCanal #evergiven pic.twitter.com/v0aYH9xawB
— JoeReynoldsChief (@JoeReynolds2020) March 25, 2021
سمندر میں کنٹینر کے پھنسنے کے سبب مصری حکام اور شپنگ کمپینیز کی انتظامیہ نے افریقہ کے راستے جہاز گزارنے پر غور شروع کردیا ہے تاہم سیکیورٹی تحفظات کی وجہ سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔