اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کو چینی 70 روپے فی کلو کی پیش کش کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈاکٹر شہباز گل نے ٹویٹ میں لکھا کہ وہ شوگر ملوں والے جو کل تک کہتے تھے کہ ان کی لاگت زیادہ ہے اس لیے قیمتیں کم نہیں کر سکتے، آج بھاؤ تاؤ کرنے لگے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شوگر ملوں والوں کو پتا نہیں کہ آگے عمران خان بیٹھا ہوا ہے، اب بات 70 پر نہیں رکے گی، ہم اصل لاگت عوام کے سامنے رکھیں گے اور درست قیمت طے کرنی پڑے گی۔
واضح رہے کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کو 60 ہزار ٹن چینی 70 روپے کلو پر فراہمی کی پیش کش کر دی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں سیکریٹری کابینہ ڈویژن کے نام ایک خط لکھا گیا جس میں کہا گیا کہ حکومت عوام تک چینی پہنچانے کے لیے اقدامات کرے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے چینی انکوائری کمیشن کو کارروائی سے روک دیا
یاد رہے کہ 11 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے چینی انکوائری کمیشن کو 10 دن کے لیے شوگر ملز کے خلاف کارروائی سے روک دیا تھا اور آئندہ سماعت تک ملک میں چینی 70 روپے کلو بیچنے کا حکم بھی دیا تھا۔