پیر, اگست 17, 2026
اشتہار

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ بتا دی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد (24 نومبر 2025): شوگر ملز ایسوسی ایشن نے ملک میں چینی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ بتا دی۔

پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے میڈیا میں آنے والی خبروں کے حوالے سے کہا ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ ایف بی آر پورٹلز کا تاخیر سے کھلنا، چینی کی آزادانہ بین الصوبائی ترسیل پر پابندی اور چینی کو حکومتی مقرر کردہ ڈیلرز کے ذریعے فروخت کرنا شامل ہے۔

ترجمان نے کہا کہ شوگر انڈسٹری کافی عرصے سے حکومت کو یہ باور کرواتی آ رہی ہے کہ پورٹلز کی بندش سے مارکیٹ میں سے چینی کی کمی ہو جائے گی اور اس کی قیمتیں بڑھیں گی۔

حکومت نے شوگر ملوں پر مسلسل دباؤ ڈالے رکھا تا کہ غیر ضروری طور پر فالتو درآمد کی گئی ناقص چینی کو ترجیحاََ فروخت کیا جائے مگر چوں کہ عوام کی اکثریت نے درآمدی چینی کو پسند نہیں کیا اور پورٹلز کی بندش سے مقامی چینی بھی مارکیٹ میں نہ پہنچ سکی، جس کی وجہ سے چینی کی قیمتیں بڑھیں۔ سندھ میں بھی پورٹلز کی بندش اس لیے کی گئی تا کہ کراچی پورٹ پر موجود درآمدی چینی کو پہلے فروخت کیا جا سکے۔

رواں سال کے پہلے چار ماہ میں حکومت نے کتنے ارب روپے کا قرض لیا؟

ترجمان نے واضح کیا کہ جب سے حکومت شوگر انڈسٹری پر یہ سب قدغن اور پابندیاں لگا رہی ہے تب سے مارکیٹ میں سے چینی کی سپلائی میں کمی ہونا شروع ہو گئی ہے، جس کی بدولت چینی کی قیمتیں بڑھنے لگیں، جس کی ذمہ دار اور فائدہ وصول کنندہ شوگر انڈسٹری کسی بھی طرح نہیں ہے۔

ترجمان کے مطابق پنجاب میں ضلعی انتظامیہ ملوں کو مجبور کرتی رہی کہ وہ صرف حکومت کے نامزد کردہ ڈیلرز کو ہی چینی فروخت کریں، جنھوں نے مارکیٹ میں مہنگی چینی فروخت کی۔ شوگر انڈسٹری ہمیشہ سے حکومت سے تعاون کرتی آئی ہے اور ان سب اقدامات کی ذمہ دارشوگر انڈسٹری نہیں ہے۔

ترجمان نے کہا کرشنگ سیزن اب پورے ملک کی شوگر ملوں میں شروع ہو چکا ہے اور نئی چینی مارکیٹ میں آنے سے قیمتیں معمول پر آنے کا امکان ہے۔ شوگر انڈسٹری حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ چینی کی بین الصوبائی ترسیل پر غیر آئینی و غیر قانونی پابندی اٹھائی جائے تاکہ چینی ملک کے طول و عرض میں پہنچ سکے اور تمام صوبوں میں یکساں قیمتوں پر دستیاب ہو۔

اہم ترین

شعیب نظامی
شعیب نظامی
Shoaib Nizami reports Finance, Fedeal Board of Revenue, Planning , Public Accounts, Banking, Capital Market, SECP, IMF, World Bank, Asian Development Bank, FATF updates for ARY News

مزید خبریں