اسلام آباد: ملک میں چینی کی قیمت 195 روپے فی کلو تک پہنچ گئی اور شہری مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔
ملک میں چینی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگیا وفاقی ادارہ شماریات نے چینی کی قیمتوں کے نئے اعدادوشمار جاری کردیئے ہیں جس کے مطابق فی کلو چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 195 روپے تک ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں سب سے زیادہ مہنگی چینی 195 روپے فی کلو تک میں دستیاب ہے جبکہ راولپنڈی میں چینی فی کلو قیمت 190 روپے تک میں فروخت ہورہی ہے۔
کراچی اور پشاور کے شہری بھی فی کلو چینی 190 روپے تک میں خریدنے پر مجبور ہیں، کوئٹہ میں فی کلو چینی 186 روپے، خضدار میں 185 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔
سیالکوٹ میں فی کلو چینی کی قیمت 185 روپے تک میں دستیاب ہے، حیدرآباد، بہاولپور اور ملتان میں فی کلو چینی کی قیمت 180 روپے تک ہے، سکھر اور لاڑکانہ میں چینی کی قیمت 175 روپے فی کلو تک ریکارڈ کی گئی ہے۔
ملتان اور بنوں میں بھی فی کلو چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 180 روپے تک ہے، حکومت گزشتہ روز چینی کی برآمد کے بعد ساڑھے سات لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کرچکی ہے۔
وزارت فوڈ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ چینی کی قیمتوں میں توازن برقرار رکھنے کیلئے کیا گیا ہے، 2 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن خام چینی درآمد کی منظوری کابینہ دے گی جبکہ 5 لاکھ میٹرک ٹن ریفائن چینی درآمد کرنے کی اصولی منظوری کابینہ سے لی جاچکی ہے۔