کراچی (5 جنوری 2026): سکیورٹی اداروں نے کراچی کو بڑی تباہی سے بچاتے ہوئے خودکش بمبار کو گرفتار کرلیا، دہشت گرد کے قبضے سے دو ٹن بارودی مواد پکڑا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ سیکیورٹی اداروں نے بڑی کامیابی حاصل کرلی، کراچی کو بڑی دہشت گردی سے بچالیا گیا۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ بلدیہ رئیس گوٹھ سے خودکش بمبار گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے دو ٹن بارودی مواد پکڑا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی شہر میں عوامی مقامات پر دہشت گرد حملوں اور خودکش دھماکوں کا منصوبہ تھا،
دہشت گردی کی انٹیلی جنس معلومات پر ایک ہفتےجانفشانی سے دن رات کام کیا گیا۔
سیکورٹی اداروں نے دن رات ایک کرکے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگایا، بلدیہ رئیس گوٹھ کے ایک مکان میں بارودی مواد رکھا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار خود کش بمبار سے حاصل اور انٹیلی جنس معلومات پر ہینڈلرز کا سراغ لگایا جارہا ہے، دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الہندوستان کالعدم بی ایل اے بشیرزیب گروپ سے نکلا، فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد، کارندے، سہولت کار افغان سرزمین استعمال کرتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ 30سے40کلومیٹر علاقے میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں کی انٹیلی جنس اطلاع تھی، سیکیورٹی اداروں نے گیس سلنڈر اور منی ٹرک بھی تحویل میں لے لیا۔
دھماکا خیزمواد ڈرموں میں بھرکرشہر منتقل کیا گیا تھا، 60 ڈرم اور 5 گیس سلنڈر قبضےمیں لیے گئے ہیں،
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔
سلمان لودھی اے آر وائی نیوز کراچی کے کرائم رپورٹر ہیں۔


