پیر, فروری 9, 2026
اشتہار

سکھر میں تشدد کی شکار اونٹنی کے جبڑے کی سرجری مکمل، ٹانگ کاٹ دی گئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (27 ستمبر 2025): سکھر میں ملزمان کی جانب سے تشدد کی شکار اونٹنی کے جبڑے کی سرجری مکمل کر لی گئی جبکہ انفیکشن کی وجہ سے ٹانگ کاٹ کر الگ کر دی گئی۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو زخمی اونٹنی کی میڈیکل رپورٹ پیش کر دی گئی جو سیکرٹری لائیو اسٹاک کاظم جتوئی نے ارسال کی ہے۔

میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا کہ زخمی اونٹنی چاندنی کا کامیاب آپریشن مکمل ہوگیا ہے، اس کے جبڑے کی ہڈی درست کر دی گئی جبکہ پچھلی دائیں ٹانگ آپریشن کر کے کاٹ دی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ لائیو اسٹاک کے ماہر ڈاکٹروں نے تین گھنٹے طویل آپریشن خون بہے بغیر مکمل کیا، سرجری ڈاکٹر جاوید کھوسو، ڈاکٹر ذوالفقار اوٹھو اور ڈاکٹر علی گوپان نے انجام دی۔

سیکرٹری لائیو اسٹاک نے بریفنگ دی کہ اونٹنی اب خطرے سے باہر اور ہوش میں ہے، میڈیکل ٹیم کی توجہ اب صحت کی بحالی اور نگرانی پر ہے۔

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے اونٹنی کا بہترین علاج جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس کی مصنوعی ٹانگ لگانے کیلیے ماہرین کی مدد لی جائے۔

ڈائریکٹر سی ڈی آر ایس بینجی پروجیکٹ فار اینیمل ویلفیر

ڈائریکٹر سی ڈی آر ایس بینجی پروجیکٹ فار اینیمل ویلفیر سارہ جہانگیر نے بتایا کہ تشدد کا شکار اونٹنی کی جبڑے کی سرجری کر دی گئی جبکہ انفیکشن سے متاثرہ ٹانگ بھی آپریشن کر کے کاٹ دی گئی۔

سارہ جہانگیر نے بتایا کہ اونٹنی کی پچھلی ٹانگ کچلی ہوئی تھی اور زخم کی وجہ سے انفیکشن ہو رہا تھا، آپریشن کے دوران پوری کوشش کی گئی کہ خون ضائع نہ ہو، اس کی مکمل صحت یابی کیلیے ابھی طویل سفر باقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹانگ کیلیے کسی حل کی اُمید میں ہیں، تازہ ترین ایکسریز اور تصاویر مصنوعی اعضا بنانے والی بائیونک پیٹس یو ایس اے کو بھی بھیج رہے ہیں۔

20 ستمبر 2025 کو سکھر کے علاقے صالح پٹ میں اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا جسے طبی امداد کیلیے اینیمل سینٹر منتقل کیا گیا تھا۔

بعدازاں اس کو پھر سے ٹانگوں پر چلانے اور علاج کی غرض سے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا جس کا چیئرمین ڈاکٹر گوردھن داس کو مقرر کیا گیا۔

ڈی جی لائیو اسٹاک ڈاکٹر حزب اللہ بھٹو نے سی ڈی آر ایس شیلٹر ہوم کا دورہ بھی کیا تھا جہاں ان کا کہنا تھا کہ اونٹنی کے ایکسرے کا جائزہ لیا اور میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسکی ٹانگ اور دونوں جبڑے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

+ posts

انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں