کوئٹہ : پنجاب اور سندھ کے بعد ایک اور صوبے میں تعلیمی اداروں میں 23 مئی سے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم بلوچستان نے بھی تمام تعلیمی اداروں کے لیے گرمیوں کی چھٹیوں کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ گرم علاقوں کے تمام اسکولز اور کالجز 23 مئی سے بند کر دیے جائیں گے اور یہ تعطیلات 31 جولائی تک برقرار رہیں گی۔
اعلامیے میں اسکولوں کے سربراہان کے لیے کچھ اہم ہدایات بھی جاری کرتے ہوئے تمام سربراہان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ چھٹیوں پر جانے سے قبل اپنے دفتری ریکارڈ اور انتظامی کام مکمل کر لیں تاکہ بعد میں کوئی مسئلہ درپیش نہ ہو۔
محکمہ تعلیم کا کہنا تھا کہ وہ اساتذہ یا سربراہان جنہوں نے ڈیجیٹل مردم شماری کی ذمہ داریاں تاحال پوری نہیں کیں، وہ ان تعطیلات سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے اور انہیں ڈیوٹی پر موجود رہنا ہوگا۔
تمام متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ اس نوٹیفکیشن پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے تاکہ تعلیمی نظام میں کوئی خلل نہ آئے۔
یاد رہے کہ گزشت روز محکمہ تعلیم سندھ نے کہا تھا کہ اسکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک ہوں گی، حکام نے بتایا کہ فیصلے کا اطلاق تمام نجی و سرکاری اسکولوں پر ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


