ممبئی: پاکستانی ناول نگار صبا امتیاز کے ناول ’’کراچی یو آر کلنگ می‘‘ پر بننے والی بالی ووڈ فلم ’’نور‘‘ کا آفیشل ٹریلر جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق پاکستانی ناول نگار صبا امتیاز کے انداز تحریر نے بالی ووڈ ہدایت کاروں کو اتنا متاثر کیا کہ ان کے 2014 میں لکھے جانے والے ناول ’’کراچی یو آر کلنگ می‘‘ کو مختلف مناظر پرو کر انڈین فلم ’’نور‘‘ بنا ڈالی۔ فلم نور میں معروف بالی ووڈ حسینہ سوناکشی سہنا مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔
ٹی سیریز کی جانب سے جاری ہونے والے فلم نور کے ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس میں ایک خاتون صحافی کی زندگی کو پیش کیا گیا ہے، جس میں مسائل اور خوشیوں کے لمحات کی منظر کشی کی گئی ہے۔ فلم کے ٹریلر میں سوناکشی کی اداکاری گزشتہ فلموں سے مختلف نظر آرہی ہے۔
صبا امتیاز کے ناول پر بنائی جانے والی فلم ’’نور‘‘ رواں برس 21 اپریل کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ سنہل سپی کی ہدایت میں بننے والی فلم ممبئی میں مقیم 20 سالہ صحافی نور روئے چوہدری پر بنائی جارہی ہے جس میں سوناکشی مرکزی کردار کرتی نظر آئیں گی۔
فلم نور کا پہلا ٹریلر
واضح رہے پاکستانی ناول نگار نے 2014 میں ’’کراچی یو آر کلنگ می‘‘ تحریر کیا تھا، جس میں کراچی کے حالات اور رمقامی رہائشی لڑکی عائشہ نامی خاتون صحافی کا تذکرہ کیا گیا تھا جو انگریزی اخبارات میں ملازمت کرتی تھی اور اُسے دورانِ نوکری مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔