نئی دہلی(6 اگست 2026): بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول اپنی آنے والی فلم ‘بٹوارہ 1947’ کی تشہیر کے دوران پاکستان سے متعلق دیے گئے ایک بیان کی وجہ سے تنازع کی زد میں آ گئے ہیں، اور سوشل میڈیا پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پٹنہ میں ایک پروموشنل تقریب کے دوران سنی دیول سے پوچھا گیا کہ وہ ایک ملک کے طور پر پاکستان اور اس کے ماحول کو کس نظر سے دیکھتے ہیں، بالخصوص اس پس منظر میں کہ ان کی فلم تقسیمِ ہند کے موضوع سے جڑی ہے اور کچھ حلقوں میں یہ خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ شاید اس کی شوٹنگ پاکستان میں کی گئی ہے۔
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکار نے واضح کیا کہ فلم کی شوٹنگ پاکستان میں نہیں بلکہ مکمل طور پر بھارت کے اندر ہی کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ لوگوں کے درمیان تقسیم پیدا کرنے پر یقین نہیں رکھتے کیونکہ پورا ملک کبھی ایک ہی تھا۔ اس موقع پر اپنے انہوں نے اپنے والد اور لیجنڈری اداکار دھرمیندر کا قول دہراتے ہوئے کہا کہ ان کے والد پاکستان کو اپنی ماسی (خالہ) کہا کرتے تھے۔
سنی دیول نے کہا کہ ہم اس طرح سے نہیں سوچتے کیونکہ پورا ملک کبھی ایک ہی تھا، جیسا کہ ان کے والد نے کہا تھا کہ یہ میری ماں ہے اور وہ میری ماسی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ آپ سب اس بات کو اچھی طرح جانتے ہیں کہ کسی نہ کسی طرح ہم سب آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔
سنی دیول کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا، جہاں متعدد صارفین کی جانب سے ان کے اس موازنے پر شدید نکتہ چینی کی جا رہی ہے۔
جہاں کچھ صارفین نے ان کے اس بیان کو مشترکہ تاریخ اور ثقافتی رشتوں کا پیغام قرار دے کر ان کا دفاع کیا، وہیں بعض افراد نے موجودہ پاک بھارت کشیدہ تعلقات کے تناظر میں اسے ایک حساس اور نامناسب بیان قرار دیا ہے۔
Lifestyle News – Latest Entertainment News, Celebrity Gossip
یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب فلم ‘بٹوارہ 1947’ کی ریلیز میں محض چند دن باقی رہ گئے ہیں، جو 1947 میں برصغیر کی تقسیم کے دلخراش واقعات اور پس منظر پر مبنی ہے۔
واصح رہے کہ فلم ‘بٹوارہ 1947’ کی کہانی ایک ایسے مسلم خاندان کے گرد گھومتی ہے جو تقسیم کے دوران لکھنؤ سے ہجرت کر کے لاہور آتا ہے اور انہیں ایک پرانی حویلی الاٹ کی جاتی ہے۔
وہ حویلی ایک ایسی ہندو خاتون کی ہوتی ہے جو اسے چھوڑنے سے انکار کر دیتی ہے، جس پر سنی دیول کا کردار اور ان کا خاندان اس خاتون کا ساتھ دیتا ہے اور شدید مخالفت کے باوجود اسے اس کے گھر میں رہنے کے لیے مدد فراہم کرتا ہے۔
اس فلم کے ذریعے سنی دیول ایک بار پھر ہدایت کار سنتوشی کے ساتھ کام کر رہے ہیں، جن کے ساتھ وہ اس سے قبل ‘گھائل’، ‘دامنی’ اور ‘گھاتک’ جیسی مشہور فلموں میں کام کر چکے ہیں۔
عامر خان کی پروڈکشن میں بننے والی اس فلم میں سنی دیول کے علاوہ پریتی زندا، شبانہ اعظمی، کرن دیول اور علی فضل بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ یہ فلم 13 اگست کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔


