کراچی : ربیع الثانی کے چاند سے متعلق سپارکو کی پیشگوئی سامنے آگئی تاہم رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لے کر حتمی اعلان کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ربیع الثانی 1447 ہجری کے آغاز سے متعلق پیشگوئی جاری کردی ہے۔
سپارکو نے بتایا کہ ربیع الثانی کا نیا چاند 22 ستمبر 2025 کو رات 12 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہوگا اور 23 ستمبر کی شام سورج غروب ہونے تک چاند کی عمر 41 گھنٹے اور 54 منٹ ہوگی، جب کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں چاند غروبِ آفتاب کے بعد تقریباً 46 منٹ تک افق پر موجود رہے گا، جس کے باعث رویت کے امکانات خاصے روشن ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر 23 ستمبر کی شام موسم صاف رہا تو نئے چاند کی رویت ممکن ہے اور اس صورت میں ربیع الثانی 1447 ہجری کا آغاز 24 ستمبر 2025 کو ہوگا۔
رویت ہلال کمیٹی پاکستان حسبِ معمول ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لے کر حتمی اعلان کرے گی۔
ربیع الثانی کے حوالے سے معلومات
ربیع الثانی کو "ربیع الآخر” یا "دوسرا بہار” بھی کہا جاتا ہے۔ اگرچہ اس ماہ میں کوئی بڑا اسلامی واقعہ نہیں آتا، تاہم مسلمان نوافل، اذکار اور دعاؤں کے ذریعے عبادات میں مصروف رہتے ہیں اور نیکیوں کے حصول کے لیے خصوصی اہتمام کرتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


