اتوار, فروری 16, 2025
اشتہار

این اے91 میں دوبارہ گنتی کے خلاف اپیل پرسماعت 28 فروری تک ملتوی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : این اے 91 سرگودھا میں دو بارہ گنتی کے حکم کے خلاف اپیل پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں این اے 91 سرگودھا میں دو بارہ گنتی کے حکم کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔

عدالت عظمیٰ میں سماعت کے دوران جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا۔

جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ کیا کیا حلقے میں دوبارہ گنتی ہو گئی؟ جس پر وکیل ذوالفقار بھٹی نے جواب دیا کہ دوبارہ گنتی کا عمل مکمل نہیں ہوسکا۔

وکیل نے بتایا کہ دوبارہ گنتی میں سامنے آیا پولنگ بیگز سے چھیڑ چھاڑ کی گئی، پولنگ بیگز کھلے ہونے کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھیجی گئی۔

وکیل ذوالفقار بھٹی نے کہا کہ ریکارڈ میں تبدیلی کےشواہد پر20 پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا، حلقے میں دوبارہ پولنگ کے نتیجہ کا اعلان ہوچکا، اب صرف کامیاب امیدوار کا نوٹی فکیشن جاری ہونا ہے۔

عدالت عظمیٰ میں سماعت کے دوران جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ کیا ذوالفقار بھٹی نے دوبارہ پولنگ میں حصہ لیا؟۔

سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ دوبارہ پولنگ میں حصہ لے کر ذولفقار بھٹی نے خود جوا کھیلا، دوبارہ ووٹنگ میں ہار گئے توسپریم کورٹ میں اعتراض کر رہے ہیں۔

عدالت عظمیٰ نے اسفتسار کیا کہ کیا الیکشن کمیشن 60 دن بعد دوبارہ الیکشن کا حکم دے سکتا ہے؟ الیکشن کمیشن کے اختیار کو مان لیا تو پھر ٹربیونل کیا کریں گے؟۔

جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ چاہیں تو الیکشن کے نتیجے کو ٹربیونل میں چیلنج کریں۔

سپریم کورٹ نے دوبارہ انتخابات کے خلاف حکم امتناع کی ذوالفقار بھٹی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی۔ عدالت عظمیٰ نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل کو بھی طلب کرلیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں