اسلام آباد: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر علی ظفر کا کہنا ہے کہ بھارتی جنگی جنون کے خلاف سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالے گی جس میں تمام بارز کے وکلا شرکت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر علی ظفر نےمیڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ مودی سرکار بہت چالاک اور مکاروں سے بھری پڑی ہے جنہوں نے پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کا منصوبہ بنا یا ہے۔
صدر سپریم کورٹ بار کا کہنا تھا کہ مودی سرکار میں دہشت گرد بیٹھے ہوئے ہیں جنہوں نے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف ہم سب متحدہ ہیں اور مل کر بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر علی ظفر کامزید کہنا تھا کہ بھارت کولڈ وار اسٹریٹجی کے تحت پاکستان پر پابندیاں عائد کرانا چاہتا ہے تاکہ پاکستان تنہا رہ جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ سرجیکل اسٹرائیک کی بات کا نوٹس لے۔
مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف سیاسی قیادت متحد
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی جماعتوں کے سربراہی اجلاس کے اعلامیے میں تمام سیاسی قائدین نے متفقہ طور پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور غیرانسانی برتاؤ کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور اسے عالمی سطح پر اُٹھانے کا فیصلہ کیاتھا۔