تازہ ترین

سپریم کورٹ کا پی ای اسی ایچ ایس بلاک 6 کی گرین بیلٹ پر تعمیر تمام گھر گرانے کا حکم

کراچی : سپریم کورٹ نے پی ای اسی ایچ ایس بلاک 6 کی گرین بیلٹ پر تعمیر تمام گھر گرانے سمیت کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن کو بھی ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں پی ای سی ایچ ایس میں گرین بیلٹ پر کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن بنانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

رہائشیوں کی جانب سے کے الیکٹرک کے خلاف درخواست پر سماعت میں جسٹس اعجاز الاحسن نے وکیل سے استفسار کیا یہ بتائیں، آپ کےگھر بھی تو گرین بیلٹ پر ہیں، جس پر ایڈووکیٹ شعاع النبی نے کہا یہ ہمارا کیس ہی نہیں، کیس یہ ہے سوسائٹی نے رفاہی پلاٹ کے الیکٹرک کودے دیا۔

چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کیاآپ کلین ہینڈزکے ساتھ عدالت آئے؟ آپ کے اپنے گھر بھی تو گرین بیلٹ پر ہیں۔

سپریم کورٹ نے پی ای اسی ایچ ایس بلاک 6 کی گرین بیلٹ کلئیر کرانے اور گرین بیلٹ پر تعمیر تمام گھر گرانے سمیت کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن کو بھی ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ نے کہا کے الیکٹرک پرائیوٹ کاروبار کررہی ہے جگہ کہیں اور لے، رہائشی بھی کلین ہینڈزنہیں آئے لہٰذاان کے گھر بھی گرائے جائیں۔

عدالت نے بلاک 6کےرفاہی پلاٹ پر پارک کواصل حالت میں بحال کرنے کا حکم دیا ، چیف جسٹس نے استفسار کیا یہ پی ای سی ایچ ایس کی جانب سے کون پیش ہوا؟ پی ای سی ایچ ایس نےتو پوری سوسائٹی کے رفاہی پلاٹ بیچ ڈالے۔

سپریم کورٹ نے کے الیکٹرک، رہائشیوں، پی ای سی ایس ایچ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

Comments