تازہ ترین

توہین عدالت کیس: دانیال عزیز پر فرد جرم عائد کردی گئی

اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین عدالت کیس میں وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز پر فرد جرم عائد کردی۔

تفصیلات کے مطابق توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے آئین کے آرٹیکل دو سو چار کے تحت وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز پر فرد جرم عائد کردی۔

جسٹس مشیرعالم نے فرد جرم کی چارج شیٹ پڑھ کر سنائی جس کے مطابق دانیال عزیز نے جج کی تضحیک اورعدالت کی توہین کی۔ انہوں نے آٹھ ستمبر کو کہا کہ نگران جج نے نیب لاہور کو طلب کرکے تیار کیا۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ جہانگیر ترین کو سزا دے کر عمران خان کو بچایا گیا تھا یہ سب اسکرپٹ کے مطابق کیا گیا جبکہ 31 دسمبر کو دانیال عزیز نے کہا کہ جج کو بتانا ہوگا کیپٹل ایف زیڈای کی بات ان تک کیسے پہنچی، جے آئی ٹی کو ایف زیڈ ای سے متعلق تحقیقات کا کہا گیا تھا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز نے صحت جرم سے انکار کیا، ان کے وکیل علی رضا آئندہ سماعت پردلائل دیں گے۔

گزشتہ سماعت پر دانیال عزیز کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرایا تھا، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ دانیال عزیز کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب سے مطمئن نہیں، بادی النظر میں دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ بنتا ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کی عدلیہ کے خلاف توہین آمیز تقاریر پر 2 فروری کوسپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا تھا۔


توہین عدالت کیس : سپریم کورٹ نےنہال ہاشمی کوایک ماہ قید کی سزا


واضح رہے گزشتہ ماہ یکم فروری کو سپریم کورٹ نے دھمکی آمیز تقریر اور توہین عدالت کیس میں نہال ہاشمی کو 1 ماہ قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے نہال ہاشمی کو کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 5 سال کے لیے نا اہل بھی قرار دیا تھا۔

بعدازاں رہائی کے بعد نہال ہاشمی نے ایک بار پھرعدلیہ مخالف بیان دیا تھا جس کا چیف جسٹس نے دوبارہ نوٹس لیا اور ایک بار پھر توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کا تحریری جواب مسترد کرتے ہوئے 26 مارچ کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -