The news is by your side.

Advertisement

بھارتی کرکٹر اور بالی ووڈ اداکار کی سابق اہلیہ سمیت 34 گرفتار

نئی دہلی: ممبئی پولیس نے کلب پر چھاپہ مار کر بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی سریش رائنا اور ہریتھک روشن کی سابق اہلیہ سمیت دیگر اہم شخصیات کو گرفتار کرلیا۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارت کو ورلڈکپ جتوانے والے سابق کھلاڑی سریش رائنا سمیت دیگر اہم شخصیات کو پولیس نے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا۔

رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس نے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اطلاع پر ایک کلب میں چھاپہ مارا جہاں سے 34 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس نے کلب مینجمنٹ کے 7 افسران کو بھی گرفتار کیا جبکہ 34  افراد میں سریش رائنا، بالی ووڈ اداکار ہریتھک روشن کی سابق اہلیہ سوزین خان اور گلوکار گورو رندھاوا بھی شامل تھے۔

پولیس حکام کے مطابق کرونا ایس او پیز کی وجہ سے ہوٹل اور کلب میں تقریب کے انعقاد کا وقت مقرر کیا گیا تھا مگر انتظامیہ نے حکومتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینکا اور رات تین بجے تک تقریب جاری رکھی۔

ممبئی پولیس نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کلب انتظامیہ اور گرفتار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سریش رائنا، ہریتھک روشن کی سابق اہلیہ اور گلوکار سمیت تمام افراد کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

دوسری جانب سریش رائنا نے مؤقف اختیار کیا کہ ’میں شوٹنگ کے سلسلے میں ممبئی میں موجود تھا تو ایک دوست نے ممبئی کے کلب میں بطور کھانے پر مدعو کیا، اگر مجھے ایس او پیز کی خلاف ورزی کا علم ہوتا تو کبھی کھانے پر نہ جاتا‘۔

Comments

یہ بھی پڑھیں