تازہ ترین

سشانت سنگھ خودکشی کیس میں بھارتی اداکارہ گرفتار

ممبئی: بھارتی پولیس نے بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سشانت سنگھ کیس میں اداکارہ ریا چکربورتی کو حراست میں لے لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے ریا چکربورتی کو سشانت سنگھ کے لیے منشیات خریدنے اور  فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا۔

عدالت نے اداکارہ کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تاکہ کیس میں مزید پیشرفت ممکن ہوسکے۔

پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا ہے کہ ریا نے سشانت سنگھ کے لیے نشہ آور اشیاء نہ صرف خریدیں بلکہ انہیں باقاعدگی سے فراہم بھی کیں جس کا انہوں نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا۔

مزید پڑھیں: سشانت سنگھ کی زندگی پر بننے والی فلم کے لیے پاکستانی اداکار کا انتخاب

اس سے قبل بھارتی پولیس نے اداکارہ کے بھائی کو چار روز قبل حراست میں لیا تھا جس کے بعد ریا گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت گئیں تھیں اور انہوں نے ضمانت حاصل کرنے کے لیے درخواست بھی دائر کی تھیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق چکربورتی گزشتہ تین روز سے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہورہی تھیں جہاں انہوں نے خود اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ سشانت کے لیے منشیات کا بندوبست کرتی رہی ہیں۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 6 ستمبر کو ریا چکربورتی سے تقریبا 7 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی، جہاں انہوں نے کئی حیران کن انکشافات کیے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ریا چکربورتی نے اعتراف کیا کہ وہ سشانت سنگھ راجپوت کے لیے اپنے بھائی شووک چکربورتی کے ذریعے منشیات خریدتی رہی ہیں اور یہ سلسلہ گزشتہ کئی سالوں سے جاری تھا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آنجہانی اداکار سکون حاصل کرنے کے لیے باقاعدگی سے منشیات کا استعمال کرتے تھے اور جب بھی اُن کو ضرورت ہوتی تھی تو وہ ریا کو بندوبست کرنے کا کہتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ’سشانت کی فلم دیکھ کر لڑکی کی خودکشی‘ آخری الفاظ سامنے آگئے

یاد رہے کہ ریا چکربورتی سشانت سنگھ کی مینیجر بھی رہ چکی ہیں، آنجہانی اداکار کی رپورٹس میں بھی اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ وہ منشیات کا استعمال کرتے تھے۔

واضح رہے کہ رواں سال جون میں بالی ووڈ کے نوجوان اداکار اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے، سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد مداحوں نے اُن کی موت کا ذمہ دار بالی ووڈ کی مشہور شخصیات کو قرار دیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ تفتیش میں اُن تمام لوگوں کو شامل کیا جائے۔

پولیس نے سشانت سنگھ کی موت کا مقدمہ درج کر کے بالی ووڈ کے نامور اداکاروں اور شخصیات سے بھی تفتیش کی تھی۔

Comments

- Advertisement -