ممبئی (16 نومبر 2025): بھارت کی پہلی مس یونیورس کا اعزاز رکھنے والی نامور اداکارہ سشمیتا سین نے ہارٹ اٹیک پر اسٹنٹ ڈلوانے کے دوران ہوش میں رہنے کا انکشاف کر دیا۔
سشمیتا سین سابق مس یونیورس اور کاروباری شخصیت ہیں جبکہ بھارتی فلم انڈسٹری میں ان کا شمار سب سے بااثر اور متاثرکن شخصیات میں کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سشمیتا سین کے ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق دعوے نے سب کو حیران کر دیا
حالیہ انٹرویو میں سشمیتا سین نے دل کا دورہ (ہارٹ اٹیک) پڑنے کے تجربے اور اپنی کرائم تھریلر سیریز ’آریا‘ کے بارے میں کھل کر بات کی۔
27 فروری 2023 کو سشمیتا سین کو دل کا دورہ پڑا تھا جبکہ چند ہی ہفتوں بعد وہ شوٹنگ مکمل کرنے کیلیے دوبارہ ’آریا‘ کے سیٹ پر پہنچ گئی تھیں۔
معروف اداکارہ نے انٹرویو میں کہا کہ جب آپ کو دل کا دورہ پڑے اور آپ پوری طرح ہوش میں ہوں تو آپ کو اندازہ ہوتا ہے کہ آپ زندگی کے دوسری طرف جانے کے کتنے قریب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں صرف آگے بڑھنا جانتی ہوں، میری نظر میں سب کچھ عارضی ہے۔
انٹرویو میں انہوں نے اسٹنٹ ڈلوانے کے پروسیجر کے دوران ہوش میں رہنے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے بے ہوش ہونا پسند نہیں، یہ بھی ایک وجہ ہے کہ میں دل کا دورہ برداشت کر پائی۔
اداکارہ نے اسٹنٹ ڈلوانے کے عمل میں بے ہوشی کی دوا لینے سے انکار کیا اور ڈاکٹرز سے کہا کہ درد کو کم نہ کیا جائے۔ وہ پوری طرح ہوش میں تھیں اور پروسیجر کے دوران ڈاکٹرز سے باتیں بھی کرتی رہیں۔
سشمیتا سین نے مزید کہا کہ میری پوری ٹیم جے پور میں میرا انتظار کر رہی تھی، مجھے احساس تھا کہ میں جلد سیٹ پر واپس نہ پہنچی تو شوٹنگ ممکن نہ ہو پائے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


