برازیل: ایمازون کے جنگلات میں لاپتا ہونے والے برطانوی صحافی اور اس کے ساتھی مقامی ماہر کو قتل کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانوی صحافی ڈوم فلپس اور مقامی ماہر برونو پریرا کے ایمازون کے جنگلات میں لاپتا ہونے کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، برازیلین پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، جس نے برطانوی صحافی اور مقامی شخص کو قتل کرنے کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر کچھ انسانی باقیات بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔
تفتیشی ٹیم نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 41 سالہ ملزم اماریلڈو ڈا کوسٹا اولیوریا عرف پیلاڈو جو کہ ایک ماہی گیر ہے نے اعتراف کیا ہے کہ اس کا مچھلیوں کا غیر قانونی طور پر شکار کرتے ہوئے مقتولین کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا، اور اس دوران اس نے آتشیں اسلحہ کا استعمال کرتے ہوئے انہیں قتل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی نشاندہی پر پولیس اس مقام پر پہنچی جہاں لاشوں کو دفن کیا گیا تھا اور وہاں سے مرنے والوں کی باقیات برآمد کی گئیں جن کا ڈی این اے ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔