اتوار, اگست 16, 2026
اشتہار

10 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنیوالے ملزم کی پولیس حراست سے فرار کے بعد ڈرامائی گرفتاری

اشتہار

حیرت انگیز

وزیر آباد: نواحی علاقے میں 10 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنیوالے ملزم کو پولیس حراست سے فرار ہونے کے بعد دوبارہ گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرآباد اور اس کے نواحی علاقوں میں رواں ماہ کے دوران جنسی زیادتی کے تین مختلف واقعات سامنے آئے ، جس میں 10 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنیوالا ملزم پولیس حراست سے فرار ہوگیا۔

ایک ملزم کی پولیس حراست سے فلمی انداز میں فرار اور پھر حادثے کے بعد دوبارہ گرفتاری کی ڈرامائی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔

حکام نے بتایا کہ نواحی علاقے میں 10 سالہ معصوم بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم "نبیل” کو جب پولیس میڈیکل کے لیے سول اسپتال منتقل کر رہی تھی تو اس نے فرار کی کوشش کی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پولیس وین جب راستے میں پانی پینے کے لیے رکی تو ملزم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کانسٹیبل کی آنکھوں میں مٹی ڈال دی اور کانسٹیبل سے ہتھکڑی سمیت خود کو چھڑا کر وہاں پہلے سے موجود ایک نامعلوم موٹر سائیکل سوار ساتھی کے ساتھ فرار ہو گیا۔

تیز رفتاری کے باعث ملزم کی موٹرسائیکل سڑک کنارے نصب ایک سائن بورڈ سے ٹکرا گئی، حادثے کے فوراً بعد ملزم کا موٹر سائیکل سوار ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جبکہ ملزم کی دائیں ٹانگ ٹوٹ گئی۔

پولیس نے فوری تعاقب کرتے ہوئے زخمی ملزم کو دوبارہ حراست میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

دوسرا افسوسناک واقعہ نواحی علاقے فتح پور چھٹہ میں پیش آیا، جہاں تھانہ علی پور چھٹہ کی حدود میں ملزم "قاری عبداللہ” نے مبینہ طور پر 3 معصوم بچوں کو اپنی درندگی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم قاری عبداللہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

تیسرا واقعہ علی نگر کے علاقے میں پیش آیا جہاں گوجرانولہ کی رہائشی ایک خاتون کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، متاثرہ خاتون کی مدعیت میں تھانہ صدر میں مقدمہ درج کر کے ملزم کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں