تازہ ترین

ہنس کے ساتھ ظالمانہ مذاق، پولیس ملزم کی تلاش میں

برطانیہ میں ایک ہنس کے ساتھ کیے جانے والے ظالمانہ مذاق نے اس کی جان خطرے میں ڈال دی جس کے بعد پولیس نے مذکورہ شخص کی تلاش شروع کردی۔

برطانوی کاؤنٹی لنکن شائر کے ایک تالاب میں تیرنے والے ہنس کے منہ پر سیاہ رنگ کا تنگ موزا چڑھا دیا گیا، خوش قسمتی سے جلد ہی ایک راہگیر نے اسے دیکھ لیا اور ہنس کے منہ پر چڑھا موزا اتارنے کے بعد اسے قریبی اسپتال لے گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اگر بروقت ہنس کی مدد نہ کی جاتی تو وہ دم گھٹنے یا بھوک سے ہلاک ہوسکتا تھا۔ موزا نہایت تنگ تھا جس نے ہنس کی نصف گردن قید کردی تھی۔

پولیس نے ایسی ظالمانہ حرکت کرنے والے شخص کی تلاش شروع کردی ہے، انہوں نے اپیل کی ہے کہ اگر اس واقعے کا کوئی عینی شاہد ہے تو وہ سامنے آئے۔

پولیس کے مطابق انہیں تحفظ جنگلی حیات کی تنظیموں کی جانب سے واقعے کی اطلاع دی گئی۔ یہ جانوروں پر ظلم کا واقعہ ہے اور ایسے واقعات ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کوئی حادثہ نہیں بلکہ جان بوجھ کر کی گئی حرکت لگتی ہے۔

خیال رہے کہ برطانیہ میں مقامی پرندوں کو نقصان پہنچانے، زخمی کرنے یا ان کے شکار پر پابندی عائد ہے، خلاف ورزی کرنے والوں جرمانے کے ساتھ 6 ماہ جیل ہو سکتی ہے۔

Comments

- Advertisement -