(11 اگست 2026): سویڈن کی حکومت نے امیگریشن قوانین میں ایک اہم اور مثبت تبدیلی کر دی جس سے وہاں مستقل رہائش اختیار کرنا مزید آسان ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امیگریشن قوانین میں کی گئی حالیہ تبدیلی کے تحت اب عارضی رہائشی اجازت نامہ رکھنے والے افراد موجودہ اجازت نامے کی تجدید کا انتظار کیے بغیر براہ راست مستقل رہائش کیلیے درخواست دے سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سویڈن میں ملازمت یا کاروبار کیسے شروع کریں؟
نئے قوانین کے مطابق 11 جون 2026 سے نافذ العمل اس پالیسی کے تحت عارضی اجازت نامے کے حامل افراد جیسے ہی مستقل رہائش کیلیے درکار مقررہ مدت پوری کریں گے وہ فوری طور پر درخواست جمع کر سکیں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پرانے اصول کے تحت درخواست دینے کیلیے عارضی اجازت نامے کی میعاد ختم ہونے اور اس کی تجدید کا انتظار کرنا پڑتا تھا۔
قوانین کے اہم نکات:
یہ سہولت ان افراد کیلیے ہے جو مقررہ اہلیت کی مدت پوری کر چکے ہیں (زیادہ تر ورک پرمٹ ہولڈرز کیلیے 4 سال جبکہ ای یو بلیو کارڈ یا ریسرچ پرمٹ ہولڈرز کیلیے 3 سال)۔
درخواست منظور ہونے کے بعد عارضی اجازت نامے کو منسوخ کر کے اس کی جگہ مستقل رہائش کا اجازت نامہ جاری کر دیا جائے گا۔
اس ترمیم کا مقصد مستقل رہائش کا کوئی نیا راستہ بنانا یا بنیادی اہلیت کی شرائط کو تبدیل کرنا نہیں ہے بلکہ صرف طریقہ کار کو آسان بنانا ہے۔
فوائد:
اس تبدیلی سے تارکین وطن کیلیے غیر یقینی کی صورتحال میں کمی آئے گی اور وہ جلد مستقل رہائش کے فوائد حاصل کر سکیں گے۔
آجروں کو ورک فورس میں زیادہ لچک اور آسانی ملے گی کیونکہ اب مستقل رہائش کی درخواستوں کو پرمٹ کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ کے ساتھ منسلک کرنے کی کوئی قید باقی نہیں رہی۔


