اسلام آباد : ملک میں سوائن فلو وبا کی صورت اختیار کر گیا، صرف ایک روز کے دوران قومی ادارہ صحت کو وائرس کے50مشتبہ کیس موصول جبکہ16افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
قومی ادارہ صحت کے ذرائع سے موصول ہونے والی دستاویز کے مطابق این آئی ایچ کی لیبارٹری کو صرف ایک روز چھبیس جنوری کو ملک بھر سے وائرس کے مزید50مشتبہ کیس رپورٹ ہوئے ٹیسٹ کے دوران 16افراد میں سوائن فلو کی تصدیق ہو گئی۔
دستاویز کے مطابق مصدقہ کیسز میں سے 12 کا تعلق پنجاب جبکہ چار کا وفاقی دارالحکومت سے ہے۔ اسلام آباد کے چار کیسز میں سے دو سرکاری جبکہ دو نجی ہسپتال سے بھجوائے گئے تھے۔
جبکہ پنجاب کے 12کیسز میں سے 8راولپنڈی کے سرکاری ہسپتال اے ایف آئی پی جبکہ دو ہولی فیملی ہسپتال سے دو کیسز بالترتیب لاہور کے گلاب دیوی ہسپتال اور سروسز ہسپتال سے بھجوائے گئے تھے ۔
دستاویز کے مطابق یکم جنوری سے اب تک گذشتہ چھبیس روز کے دوران قومی ادارہ صحت کو ملک بھر سے 737مشتبہ کیس رپورٹ ہوئے ۔جبکہ اس دوران 201افراد میں سوائن فلو کی تصدیق ہو چکی ہے۔
قومی ادارہ صحت کے ذرائع کے مطابق سوائن فلو سے ملک بھر میں اب تک جاں بحق افراد کی تعداد 24ہو گئی ہے ۔ جاں بحق ہونے والوں میں 19کا تعلق پنجاب ،4کااسلام آباد جبکہ ایک کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔