اسلام آباد (18 جون 2026): پاکستان کی میزبانی میں امریکا ایران امن معاہدے کی تقریب کل جمعہ کو سوئس شہر لوسرن میں ہوگی۔
سوئٹزرلینڈ کا شہر لوسرن عالمی سفارت کاری کا مرکز بن گیا ہے، پاکستان کا ابتدائی وفد بھی تاریخی تقریب کے لیے سوئٹزرلینڈ پہنچ گیا، ذرائع کا کہنا ہے وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ کر رہی ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں پاکستانی وفد آج صبح سوئٹزرلینڈ روانہ ہوگا، سفارتی وفود، عالمی میڈیا، مبصرین، سیکیورٹی اہل کار بھی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، اس تقریب کا مقام برگن اسٹاک ریزورٹ ہے جو قطر کی ملکیت ہے، تقریب کے لیے لوسرن شہر کے 92 فی صد ہوٹل بُک ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے صدور نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر الیکٹرانک دستخط کر دیے۔ وائٹ ہاؤس نے ایران امریکا امن معاہدے پر دستخط کی ویڈیو جاری کی ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ورسائی میں عشایئے کے دوران معاہدے پر دستخط کیے، اس موقع پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون بھی موجود تھے۔ ایرانی سرکاری میڈیا نے بھی ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے تصاویر جاری کیں۔
ایمانوئل میکرون نے ایم او یو پر ٹرمپ کے دستخط کی ویڈیو شیئر کر دی
وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے امریکا ایران معاہدے پر الیکٹرانک دستخط کی توثیق کی، سماجی ویب سائٹ پر انھوں نے لکھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔
ایکس (X) پر ایک پوسٹ میں انھوں نے کہا ’’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت فوری طور پر نافذ العمل ہوگی اور پہلے مرحلے کے طور پر اسلامی جمہوریہ ایران فوراً آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دے گا اور ریاست ہائے متحدہ امریکا فوری طور پر بحری ناکہ بندی ختم کر دے گا۔‘‘


