مولوی عبدالحق اردو کے سچے عاشق تھے جنھوں نے قیامِ پاکستان کے بعد اس زبان کی ترقی اور فروغ کے لیے دن رات کام کیا۔ ماہرِ لسانیات کی حیثیت سے ان کا علمی و تحقیقی کام اردو زبان کا بیش قیمت سرمایہ ہے۔ مولوی صاحب کے اسی علمی ذوق و شوق، لگن اور اردو سے محبت کے سبب ان کے چاہنے والوں کی بھی کوئی کمی نہ تھی۔ ان کے پرستاروں میں اپنے وقت کے مشاہیر اور مختلف شعبہ ہائے حیات کے لوگ شامل تھے۔
سید مقصود زاہدی بھی مولوی عبدالحق کے ایک ایسے ہی پرستار تھے جنھوں نے اپنی کتاب یادوں کے سائے میں جن چند سیاسی اور ادبی شخصیات کا تذکرہ کیا ہے اور ان سے اپنی ملاقاتوں کا احوال رقم کیا ہے، مولوی عبدالحق بھی ان میں شامل ہیں۔ زاہدی صاحب کی اس کتاب سے یہ اقتباس پیشِ خدمت ہے۔
مولوی صاحب اکثر کہا کرتے کہ سب سے ناکارہ انسان کاہل انسان ہوتا ہے جو نہ اپنے کام آتا ہے نہ اپنے کنبے کے کام آتا ہے اور نہ معاشرے کے۔ ایسے ہی مولوی صاحب کا یقین تھا کہ بیشتر انسان بہت سی خداداد صلاحیتیں لے کر اس دنیا میں آتے ہیں۔ کچھ کو وہ اپنی کاہلی سے ضائع کر دیتے ہیں اور کچھ اس لیے ضائع ہو جاتی ہیں کہ انہیں اس بات کے مواقع نہیں ملتے کہ وہ ان کو پروان چڑھائیں۔ چنانچہ مولوی صاحب بر انسان کو ترغیب دیتے تھے کہ وہ کچھ اور بھی کرے۔
ایک مرتبہ مولوی صاحب نے ایک بادشاہ کی کہانی بڑے مزے لے لے کر سنائی۔ اس بادشاہ نے کسی کسان زادی سے کہا کہ وہ اس سے شادی کرے۔ تو اس نے دریافت کیا کہ وہ کچھ جانتا بھی ہے۔ جب بادشاہ نے اپنی بادشاہت کا ذکر کیا جس پر اس کو بڑا گھمنڈ تھا تو اُس عورت نے جواباً کہا تھا، "لیکن جس دن تجھ سے بھی کوئی طاقتور بادشاہ تیری بادشاہت چھین لے گا تو پھر تو میری کفالت کہاں سے کرے گا۔”
بادشاہ نے اُس عورت سے وعدہ کیا کہ وہ اس کے پاس دوبارہ کوئی فن سیکھ کر پہنچے گا۔ بادشاہ نے چٹائی بننے کا فن سیکھا بلکہ اس میں کمال حاصل کیا اور وہ اس عورت کے پاس دوبارہ گیا تو اس کے کمالِ فن کو دیکھ کر وہ عورت برضا و رغبت اُس کی بیوی بننے پر آمادہ ہوگئی۔
یہ کہانی میں نے مختلف اشخاص کی زبانی سنی ہے لیکن مولوی صاحب نے جس طرح سنائی وہ انہی کا حصہ تھا۔ اس واقعے کو سنانے کے بعد مولوی صاحب نے سب کو مخاطب کر کے یہ بات واضح کی کہ ہر انسان میں خداداد صلاحیتیں ان گنت ہوتی ہیں۔ اگر ہم اپنی ہستی کو پہچان لیں تو ہم یقیناً اپنے دوسرے چھپے ہوئے جوہروں کو بھی صیقل کر سکتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


