اشتہار

سندھ کی وادی ہماری متحدہ زبان کا پہلا گہوارہ

اشتہار

حیرت انگیز

ہندوستان جیسا کہ اس وقت کی تاریخوں سے ظاہر ہے، سیکڑوں چھوٹی بڑی ریاستوں اور مملکتوں میں بٹا ہوا تھا، سلطان غزنوی کے فتوحات کے عہد میں اس ملک میں دو اسلامی ریاستیں قائم تھیں، ایک ملتان میں دوسری منصورہ (یعنی بھکر واقع سندھ) میں، ان کے علاوہ صوبہ سرحد میں شالی حکومت تھی، جس کا پایۂ تخت وسیند تھا، کشمیر، اجمیر، دہلی، قنوج، مگدھ (بہار) بنگال، گجرات، مالوہ بہت سی ریاستیں تھیں جو ایک دوسرے سے باہم دست و گریباں رہتی تھیں، مسلمانوں نے آکر ان ملکوں کو ایک ملک اور ان ریاستوں کو ایک سلطنت بنایا، جس میں پشاور سے لے کر صورت تک ایک حکومت قائم ہو گئی تھی۔

گزر چکا ہے کہ ہندوستان کے ہر صوبہ میں الگ الگ بولی تھی۔ مسلمان سب سے پہلے سندھ میں پہنچتے ہیں۔ اس لئے قرین قیاس یہی ہے کہ جس کو ہم آج اردو کہتے ہیں، اس کا ہیولا اسی وادیِ سندھ میں تیار ہوا ہوگا، عربی و فارسی بولنے والے مسلمان تاجر عراق بندرابلہ، سیراف اور بصرہ سے نکل کر، سندھ کے بندروں سے گزر کر گجرات ہو کر، بحر ہند کے کنارے کنارے سفر کرتے تھے، آخر پہلی صدی ہجری کے آخر یعنی ساتویں صدی عیسوی میں عرب مسلمانوں نے سندھ پر قبضہ کر لیا۔

یہ اسلامی لشکر شیراز و عراق سے مرتب ہوکر گیا تھا جس کے یہ معنی ہیں کہ اس لشکر کے لوگ فارسی اور عربی بولتے تھے۔ اس کے بعد جو سوداگر اور تاجر یہاں آکر بود و باش اختیار کرنے لگے تھے، وہ بھی عربی اور فارسی بولتے تھے، جہاز رانوں کی زبان بھی عربی و فارسی سے مرکب تھی، خود سندھیوں کی آمدورفت بھی عراق میں لگی رہتی تھی، خصوصاً جب ۱۳۳ھ ۷۵۱ء میں خلافت کا مرکز شام سے عراق کو منتقل ہوگیا اور سندھ کے پنڈت بغداد جاکر اپنی زبان سے عربی کتابوں کے ترجمہ میں مدد دینے اور وہاں کے مختلف علمی و طبی منصوبوں پر سرفراز ہونے لگے۔

اس زمانے میں عربی میں ہندی کے بہت سے اصطلاحی لفظ اور دواؤں اور خوشبوؤں کے نام داخل ہوئے، مثلاً بیڑہ جس کی عربی شکل بارجہ ہے، پلنگ جس کی عربی صورت بلنجہ ہے، جہاز کے خواب گاہ کے معنوں میں عرب ملاحوں نے اس کو استعمال کیا ہے۔ اس طرح خوشبوؤں میں صندل (چندن) کافور (کپور) قرنفل (کرن پھول) عود قماری (راس قماری کاعود) وغیرہ لفظ ہیں۔ دواؤں میں سب سے عجیب نام مجھے ’’بہط‘‘معلوم ہوتا ہے، جس کو خوارزمی نے جو سلطان محمود کا معاصر تھا، مفاتیح العلوم میں نقل کیا ہے، جو ہمارے ’’ بھات‘‘ کی خرابی ہے، جو مریضوں کی غذا تجویز کی گئی تھی۔ پھلوں میں امبج (آنب) آم اور لیموں ہیں، جن کا ذکر ۳۰۴ھ ۹۱۵ء میں مسعودی نے کیا ہے۔

سندھ اور ملتان میں مسلمانوں کی ریاستیں تین سو برس تک قائم رہیں اور آخر سلطان محمود المتوفی ۴۲۱ھ ۱۰۳ء کے ہاتھوں ان دونوں ریاستوں کا خاتمہ ہوا، ان ریاستوں کا مذہبی تعلق بغداد اور مصر سے تھا اور خراسان، عراق، یمن، ایران اور مصر سے یہاں آنے والے تاجروں اور مسافروں کی برابر آمد و رفت لگی رہتی تھی۔ اس کا قدرتی نتیجہ یہ ہونا چاہیے کہ سندھ اور ملتان میں دیسی بولیوں کے ساتھ عربی و فارسی کا میل جول بڑھتا رہے، اور ایک نئی مرکب بولی کا ہیولیٰ تیار ہو، خوش قسمتی سے اس وقت ہمارے پاس بعض ایسی شہادتیں موجود ہیں، جن سے کچھ نہ کچھ اس خیال کی تائید ہوتی ہے۔ بزرگ بن شہریار ملاح جو ۳۰۰ھ ۹۱۲ء میں بحرہند کے سواحل سے گزرتا رہتا تھا، اس نے اپنے بحری سفر نامہ میں جس کا نام عجائب الہند ہے، کئی ہندی الفاظ استعمال کئے ہیں، وہ ۲۷۰ھ ۸۸۳ء کا ایک قصہ ہم کو سناتا ہے۔

شہر الور واقع سندھ کے ایک ہندو راجہ نے منصورہ واقع سندھ کے مسلمان بادشاہ سے ایک ایسے مسلمان عالم کی درخواست کی جو اس کی زبان میں اسلام کی خوبیاں بتا سکے۔ بادشاہ نے ایک ایسے عراقی عالم کا انتخاب کیا جو ہندوستان کی بہت سی بولیاں جانتا تھا، چنانچہ وہ گیا اور سب سے پہلے راجہ کی خدمت میں اپنا ہندی قصیدہ پیش کیا اور پھر قرآن کا ترجمہ کیا۔ بغداد کا سیاح اصطخری ۳۴۰ھ ۹۵۱ء میں سلطان محمود سے تقریباً ساٹھ برس پہلے سندھ اور ملتان آیا تھا، وہ کہتا ہے، منصورہ (یعنی موجودہ بھکر واقع سندھ) اور ملتان اور ان کے اطراف کی زبان عربی اور سندھی ہے اور مکران والوں کی زبان فارسی اور مکرانی ہے۔ (ص۷۷ طبع لائیڈن۔)

اس کے بعد بغداد کا دوسرا سیاح ابن حوقل بھی جس کی سندھ اور ملتان میں سیاحت کا زمانہ ۳۵۸ھ ۹۶۸ء ہے۔ یہی کہتا ہے کہ، منصورہ (بھکر) اور ملتان او ر اس کے اطراف میں عربی اور سندھی بولی جاتی ہے۔ (سفر نامہ ابن حوقل ص۲۳۲ لائیڈن۔) اس کے چند سال کے بعد ۳۷۵ط ۹۶۸ء میں بشاری مقدسی ملتان آیا، وہ لکھتا ہے، ’’اور یہاں فارسی زبان سمجھی جاتی ہے۔‘‘ (سفر نامہ بشاری ص۴۴۱ لائیڈن۔) پھر دیبل یعنی ٹھٹھ واقع سندھ کے حال میں کہتا ہے، (ٹھٹھ) سمندر کے ساحل پر ہے، اس کے چاروں طرف سو گاؤں کے قریب ہیں، اکثر غیر مسلم ہندو ہیں، سمندر کا پانی شہر کی دیواروں سے آکر ٹکراتا ہے، یہ سب سوداگر ہیں۔ ان کی زبان سندھی اور عربی ہے۔ (ایضاً ص۴۷۹)

ان معاصرانہ شہادتوں کی بنا پر ماننا پڑے گا کہ عربی و فارسی الفاظ کا میل جول ہندوستان کے جس حصہ میں پہلے واقع ہوا وہ سندھ ہے، جس کی حد اس زمانہ میں ملتان سے لے کر بھکراوت ٹھٹھ کے سواحل تک پھیلی تھی۔ اس زمانہ میں ایران، ترکستان اور خراسان سے ہندوستان آنے کا راستہ براہِ راست ملتان ہو کر تھا، چنانچہ سلطان محمود غزنوی بھی اسی راستے سے ہندوستان آیا۔ اس کا اثر یہ تھا کہ ان ملکوں سے علم و فن کے کامل اور شعر و ادب کے ماہر اسی راستے سے آکر ہندوستان کے جس شہر میں داخل ہوئے تھے، وہ ملتان تھا۔ چنانچہ سلطان ناصر الدین قباچہ کے زمانہ تک جو سلطان التمش کا معاصر و حریف تھا، ملتان ہی اسلامی علوم و فنون کا مرکز اور اسلامی تعلیم کی درس گاہ تھا، اس کے بعد رفتہ رفتہ یہ مرکز ملتان سے لاہور کو اور پھر لاہور سے دہلی کو منتقل ہو گیا۔

اس تشریح سے یہ بات بالکل واضح ہوجاتی ہے کہ مسلمانوں کی عربی و فارسی سب سے پہلے ہندوستان کی جس دیسی زبان سے مخلوط ہو گئی، وہ سندھی اور ملتانی ہے، پھر پنجابی اور بعد ازاں دہلوی۔ سندھی پر اس اختلاط کی شہادت آج بھی اسی طرح نمایاں ہے۔ چنانچہ ہماری اردو کی طرح سندھی بھی عربی و فارسی الفاظ سے اسی طرح گراں بار ہے اور سب سے عجیب یہ کہ اس کا رسم الخط آج تک ٹھیٹھ عربی نسخ ہے اور عربی کے بہت سے خالص الفاظ مستعمل ہیں، مثلاً پہاڑ کو جبل اور پیاز کو بصل کہتے ہیں۔

(نام ور سیرت نگار، عالم، مؤرخ اور بلند پایہ ادیب سید سلمان ندوی کے علمی و تحقیقی مضمون سے اقتباس)

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں