نیویارک (25 ستمبر 2025): یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے شام کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز صدر ولودی میر زیلنسکی نے اعلان کیا کہ یوکرین اور شام نے سرکاری طور پر سفارتی تعلقات دوبارہ قائم کر لیے ہیں۔
یہ اعلان دونوں صدور کی اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران ملاقات کے بعد کیا گیا ہے، زیلینسکی نے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا ’’یوکرین اور شام نے آج سرکاری طور پر سفارتی تعلقات کی بحالی کے سلسلے میں ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے ہیں۔‘‘
ولودیمیر زیلنسکی نے لکھا ’’ہم اس اہم اقدام کا خیر مقدم کرتے ہیں اور اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ہم شام کے عوام کی استحکام کی راہ میں حمایت کے لیے تیار ہیں۔‘‘
سعودی عرب اور قطر کا شام کے لیے 89 ملین ڈالر امداد کا اعلان
یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ شام کے صدر احمد الشرع کے ساتھ مذاکرات کے دوران تعاون کو فروغ دینے والے امید افزا شعبوں، دونوں ممالک کو درپیش سیکیورٹی خطرات اور ان سے نمٹنے کی اہمیت پر تفصیل سے بات کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلقات باہمی احترام اور اعتماد کی بنیاد پر استوار کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ یوکرین نے 2022 میں شام کے ساتھ اس وقت تعلقات ختم کر دیے تھے جب روسی حمایت یافتہ سابق صدر بشار الاسد کی حکومت نے روس کے زیر قبضہ یوکرینی علاقوں کو خودمختار علاقے تسلیم کیا تھا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں



