دنیائے کرکٹ میں‌ پہلی بار، ٹی ٹین کرکٹ لیگ متعارف، لانچنگ تقریب شروع
The news is by your side.

Advertisement

دنیائے کرکٹ میں‌ پہلی بار، ٹی ٹین کرکٹ لیگ متعارف، افتتاحی تقریب شروع

دبئی: دنیائے کرکٹ میں پہلی بار ٹی 10 کرکٹ لیگ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی افتتاحی تقریب آج دبئی میں منعقد ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے کھیل میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی طرز پر اب 10 اوورز کا میچ متعارف کرایا جارہا ہے جس کے لیے ’’ٹی ٹین کرکٹ لیگ ‘‘ تشکیل دے دی گئی ہے۔

ٹی ٹین کرکٹ لیگ رواں برس دسمبر میں شارجہ میں منعقد ہوگی جس میں ساؤتھ ایشیا کی 6 ٹیمیں شرکت کریں گی،  آج اس لیگ کی افتتاحی تقریب دبئی میں منعقد ہوئی جس میں ان 6 ٹیموں کےمالکان اور لیگ کے عہدے داران سمیت شوبز اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔

ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے رکن شجیع الملک اور اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال لیگ کے جوائنٹ پارٹنر ہیں، شجیع الملک اس لیگ کے چیئرمین اور سلمان اقبال صدر ہیں جو کہ پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے مالک بھی ہیں جب کہ لیگ کا وائس چیئرمین خالد الزرونی کو مقرر کیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سلمان اقبال نے کہا کہ ٹی ٹین لیگ دھواں دھار لیگ ہے، شاہدآفریدی کے لیے 10 اوورز زیادہ ہیں یہ 7 اوورز میں ہی 100 رنز بنالیتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کرکٹ اور انٹرٹینمنٹ کی تجویز شاہ جی نے 10 ماہ پہلے دی، شاہ جی نے انٹرٹینمنٹ پر خصوصی توجہ دی، ٹی ٹین لیگ بہت اچھا ایونٹ ہوگا، یہ پہلا آئی سی سی سے منظور شدہ 10 اوورز کا ٹورنامنٹ ہوگا، 10 اوورز میں بولرز نئے تجربوں کے ساتھ آئیں گے۔

سلمان اقبال نے مزید کہا کہ نئی نسل چار سے پانچ دن تک کوئی کھیل نہیں دیکھتی، مختصر وقت میں ہونے والا یہ میچ نوجوان شائقین کے لیے بہترین ثابت ہوگا۔

خیال رہے کہ اس منفرد ٹی ٹین کرکٹ لیگ کے دوران شائقین کرکٹ اچھی ساکھ کے حامل انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو دسمبر میں شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلتا ہوا دیکھیں گے،شاہد آفریدی، انضمام الحق، سنگاکارا، سہواگ، شکیب الحسن اور مورگن ٹی ٹین لیگ کے ایمبیسیڈر ہیں۔

اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ٹی ٹین لیگ کے چیئرمین شجیع الملک نے کہا کہ جب ٹی ٹوئنٹی آیا تھا تو کرکٹ میں انقلاب آگیا تھا، آج ہماری امید یہ ہے کہ ٹی ٹین بھی اب ہی انقلاب لائے گا جو ٹی ٹوئنٹی لایا تھا، یہ ڈبل فاسٹ اور ڈبل ایکشن ہوگی، اس میں کرکٹ اور انٹرٹینمنٹ دونوں کو ایک نئے انداز میں نظر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج دیکھیں تو تمام مقبول کھیل خواہ فٹ بال اور والی ہی کیوں نہ ہوں ان کےمیچز کا دورانیہ 90 منٹ ہوتا ہے، ہم کرکٹ کو سمیٹ کو 90 منٹ کے دورانیے میں لانا چاہتے ہیں اور ٹی ٹین لیگ ہمیں اس کا موقع فراہم کررہی ہے۔

شجیع الملک نے مزید کہا کہ لیگ کو سپورٹ کرنے کے لیے نجم سیٹھی کا شکر گزار ہوں، ٹی ٹین لیگ میں دنیا بھر کے کرکٹ کے بڑے نام شرکت کریں گے،دنیا کے 70 سے 80 کرکٹرز لیگ میں شامل ہوں گے۔

تقریب منعقد ہونے سے قبل اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے سلمان اقبال نے شجیع الملک کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ یہ لیگ بہت مقبول ہوگی اور کرکٹ کا کھیل فٹ بال سے زیادہ مقبول ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹین لیگ میں دنیائے کرکٹ کے بڑے نام شامل ہوں گے،جنوبی ایشیا کی 6 ٹیمیں ٹی ٹین لیگ میں شامل ہوں گی،امید ہے ٹی ٹین لیگ ضرور کامیاب ہوگی اور شائقین کرکٹ کو بہت متاثر کرے گی۔

سلمان اقبال کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ کے بڑے بڑے نام گلیوں سے کھیل کر آئے ہیں،ٹی ٹین لیگ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی لے کرجائیں گے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی سی بی ٹی ٹین لیگ کی حمایت کرتا ہے، پاکستانی کھلاڑی جہاں بھی کھیلیں گے تعاون کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کرکٹ کی سپورٹ جاری رکھےگا، ٹورنامنٹ اسٹیک ہولڈرز کے لیے مفید ہے تو پی سی بی کوکوئی اعتراض نہیں۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں