کراچی (5 مارچ 2026): سال 2028 میں کھیلے جانے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں کس کو پاکستان ٹیم کا کپتان ہونا چاہیے شاہد آفریدی نے بتا دیا۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی اور سپر ایٹ مرحلے سے باہر ہونے پر جہاں کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی پر تنقید کی جا رہی ہے، وہیں کپتان سلمان علی آغا کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
تجزیہ کار اور سابق کرکٹرز کی اکثریت کے مطابق سلمان آغا کی ٹی 20 ٹیم میں جگہ نہیں تو کپتانی کیسے کر سکتے ہیں۔ ان کے غلط فیصلے ورلڈ کپ میں پاکستان کو لے ڈوبے۔
ایسے میں پاکستان ٹیم کے نئے کپتان کے حوالے سے کئی نام سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ لوگ تجربہ کار تو کچھ نئے کرکٹر کو ٹیم کی کمان سونپنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔
سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 کے لیے جارح مزاج بیٹر فخر زمان کو کپتان بنانے کا مشورہ دیا ہے۔
ایک مقامی نجی ٹی وی کے اسپورٹس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ اگلا ٹی 20 ورلڈ کپ دو سال بعد 2028 میں ہوگا اور دو سال تو یوں ٹھک کر کے گزر جاتے ہیں۔
انہوں نے پی سی بی حکام کو مشورہ دیا کہ ابھی سے سینئر بیٹر فخر زمان کو ٹی 20 ٹیم کا کپتان بنانے کا اعلان کیا جائے اور اس کے ساتھ نئے کھلاڑی تیار کیے جائیں جو مستقبل میں پاکستان ٹیم اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


