(17 اپریل 2026): رواں برس کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کا ایک بڑا میچ آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے ریڈار پر آ گیا تحقیقات جاری ہیں۔
کرکٹ میں کرپشن کی لعنت نئی نہیں۔ میچ فکسنگ اور اسپاٹ فکسنگ نے جنٹلمین کا گیم کہلانے والے کرکٹ کے دامن کا داغ دار کر دیا ہے۔ آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ گزشتہ ماہ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے ایک بڑے میچ کی بڑے پیمانے پر تحقیقات کر رہا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 می ںیوزی لینڈ اور کینیڈا کے درمیان کھیلے گئے میچ کی تحقیقات کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اینٹی کرپشن یونٹ (اے سی یو) کے اس وقت دو تحقیقاتی عمل جاری ہیں جن میں کرکٹ کینیڈا اور اینٹی کرپشن کوڈ کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پر خلاف ورزی کے الزامات شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ میچ کے حوالے سے تحقیقات کے عمل کا آغاز ایک ڈاکومینٹری کے نشر ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔
43 منٹ دورانیے کی یہ دستاویزی فلم کرپشن، کرائم اینڈ کرکٹ کینیڈین تحقیقاتی ڈاکومینٹری پروگرام نے تیار کی ہے جس میں کینیڈین کپتان دلپریت باجوہ کے 5 ویں اوور پر کرپشن کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اس میں نشاندہی کی گئی ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم جب ہدف کا تعاقب کر رہی تھی تو آف اسپن کرنے والے بیٹنگ آل راونڈر دلپریت باجوہ جب بولنگ کرنے لگے تو نیوزی لینڈ کے 35 رنز پر دو کھلاڑی آوٹ تھے۔
دلپریت باجوہ نے نو بال سے اوور شروع کیا پھر اس اوور میں 2 وائیڈ گیند بھی ہوئی اور اوور میں مجموعی طور پر 15 رنز دیے۔ دلپریت باجوہ کو ورلڈ کپ شروع ہونے سے تین ہفتے قبل کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق دوسری تحقیقات ایک لیک فون کال کے حوالے سے کی جا رہی ہیں جس کی آڈیو گزشتہ برس لیک ہوئی جس کی اے سی یو تحقیقات کر رہا ہے۔
کوچ خرم چوہان نے فون کال میں دعویٰ کیا کہ کرکٹ کینیڈا کے سینئر آفیشل نے کچھ کھلاڑیوں کو منتخب کرنے پر دباؤ ڈالا جبکہ ریکارڈنگ میں میچز فکس کرنے کے بھی دعوے کئے گئے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


