کراچی (19 فروری 2026): پاکستانی بیٹر احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ چھوٹی ٹیم کے خلاف شاداب کو پرفارمنس کے لیے اسٹیج سجا کر دیا گیا۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ جاری ہے اور تجزیہ کار کھلاڑیوں کی کارکردگی پر جم کر تبصرے کر رہے ہیں۔ ایک مقامی نجی ٹی وی کے پروگرام میں قومی اوپنر احمد شہزاد نے ٹیم منیجمنٹ پر کڑی تنقید کی اور کئی کھلاڑیوں کو نشانے پر لیا۔
احمد شہزاد نے کہا کہ نمیبیا جیسی ٹیم کے خلاف شاداب کو باہر کرنے کے بجائے اس کو ایدجسٹ کیا گیا۔ اس کو اس لیے ڈراپ نہیں کیا کہ وہ چھوٹی ٹیم کے خلاف پرفارم کر دے جب کہ اس کے لیے ٹی 20 کے نمبر ون بولر ابرار احمد کو باہر بٹھا دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شاداب خان کو اس وقت پروموٹ کر کے چوتھے نمبر پر بیٹنگ پر بھیجا گیا جب بابر پیڈ کیے بیٹھے تھے۔ عثمان، نواز، فہیم اشرف موجود تھے۔ یوں شاداب کو بنی بنائی اسٹیج دی کہ وہ رنز کرے۔
قومی کرکٹر نے یہ بھی کہا کہ شاداب کے 10 گیندوں پر چھ سات رنز تھے، وہ تو جب آخر میں صاحبزادہ فرحان نے مارنا شروع کیا تو اس نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھو لیے۔
احمد شہزاد نے کہا کہ صرف بیٹنگ میں ہی نہیں بلکہ بولنگ میں بھی اس کو ریگولر بولرز پر ترجیح دی، جب دو آؤٹ ہو چکے تھے اور کپتان کو بھی معلوم تھا کہ اب بلے باز ہٹ نہیں کریں گے تو جلدی جلدی شاداب سے تین اوورز کرائے اور کوٹے کا چوتھا اوور آخر میں کرایا تاکہ وکٹ بھی مل جائے۔
انہوں نے کہا کہ سب کو واضح پتہ چل رہا ہے کہ ٹیم میں پسند اور نا پسند چل رہا ہے، اپنے لوگوں کو کھلایا جا رہا اور پرفارمنس دینے کے لیے اسٹیج بنا کر دیا جا رہا ہے اور جو ملک سے مخلص اور کھیلنے کے حقدار ہیں، انہیں کھلایا نہیں جا رہا۔ بابر کے ساتھ بھی ٹیم منیجمنٹ زیادتی کر رہی ہے۔
احمد شہزاد نے کہا کہ گروپ میچوں میں تو کمزور ٹیموں کے خلاف ایک فاسٹ بولر چل گیا۔ سپر ایٹ میں تگڑی ٹیمیں ہیں، وہاں ایک فاسٹ بولر سے کیسے جیتو گے۔ یہ ٹیم بنائی ہوئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


