پالے کیلے (17 فروری 2026): آسٹریلیا بھی ورلڈ کپ میں اگر مگر کا شکار ہو گئی اور سُپر ایٹ میں پہنچنے کے لیے دوسری ٹیموں کے رحم وکرم پر آ گئی۔
ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم بھی آئی سی سی کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں اگر مگر کا شکار ہو گئی اور مسلسل دو شکستوں کے بعد اب وہ اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے دیگر ٹیموں کے نتائج کے رحم وکرم پر انحصار کرے گی۔
گروپ بی کی صورتحال بھی گروپ اے کی طرح دلچسپ ہو گئی ہے۔ گروپ بی میں جہاں 2009 میں ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستان ٹیم اور نو آموز امریکا میں اگلے مرحلے میں جانے کا مقابلہ ہے تو وہیں گروپ بی میں بھی ٹی 20 کی سابق عالمی چیمپئن آسٹریلیا اور زمبابوے میں رسہ کشی ہے۔
زمبابوے سے اپ سیٹ شکست کے بعد گزشتہ روز سی لنکا نے بھی آسٹریلیا کو ہرا کر کینگروز کو بڑی مشکل میں ڈال دیا۔
پوائنٹس ٹیبل کے مطابق گروپ بی میں سری لنکا تین میچز جیت کر پہلے ہی سُپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گئی ہے۔ زمبابوے دو میچ جیت کر دوسری پوزیشن پر ہے اور اس کے دو میچز آئرلینڈ اور نیوزی لینڈ سے باقی ہیں۔ جب کہ آسٹریلیا کو عمان سے اپنا آخری میچ کھیلنا ہے۔
آئرلینڈ اور زمبابوے کا میچ اس وقت بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔ اگر برسات کی وجہ سے یہ ملتوی ہوتا ہے تو زمبابوے ایک قیمتی پوائنٹ ملنے کے بعد 5 پوائنٹ کے ساتھ سُپر ایٹ میں پہنچ جائے گا اور آسٹریلیا کی فتح بھی بے کار ہوگی۔
دوسری صورت میں زمبابوے اپنا کوئی بھی ایک میچ جیت کر اگلے مرحلے میں داخل ہو جائے گا۔ تاہم اگر زمبابوے اپنے اگلے دونوں میچز ہار جاتا ہے اور آسٹریلیا اپنا اگلا میچ جیتتا ہے تو پھر دونوں ٹیموں کے پوائنٹس 4، 4 ہو جائیں گے اور بہتر رن ریٹ والی ٹیم سُپر ایٹ میں جائے گی۔
پوائنٹس ٹیبل کے مطابق اس وقت زمبابوے کا رن ریٹ آسٹریلیا سے زیادہ ہے۔ زمبابوے کا رن ریٹ 1.984 جب کہ آسٹریلیا کا 0.414 ہے اور اس کے سُپر ایٹ میں پہنچنے کے امکانات زمبابوے کے میچز کے نتائج کے ساتھ اس کی عمان کے خلاف بڑی مارجن کے ساتھ فتح سے جڑے ہیں۔
پاکستان ٹیم کے سر پر ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خطرہ منڈلانے لگا!
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔


