کراچی (16 فروری 2026): بابر اعظم رواں ورلڈ کپ میں بھی ناکام ہو رہے ہیں انہوں نے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ کا بدترین ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
پاکستانی اسٹار بیٹر بابر اعظم کی فارم اب تک واپس نہیں آ سکی ہے اور وہ رواں ورلڈ کپ میں بھی مسلسل ناکام ہو رہے ہیں۔
میگا ایونٹ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈز جیسی ٹیم کے خلاف 18 گیندوں پر صرف 15 رنز بنا سکے۔ امریکا کے خلاف انہوں نے 32 گیندوں پر 46 رنز کی اننگ کھیلی، جس سے ان کی اگلے میچز میں پرفارم کرنے کی امید بڑھی لیکن گزشتہ روز روایتی حریف بھارت کے خلاف وہ صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
اس کے ساتھ ہی 31 سالہ قومی بیٹر وسابق کپتان بابر اعظم جو 4 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ وہ میگا ایونٹس میں نہ صرف اب تک ایک بھی مین آف دی میچ ایوارڈ پانے میں ناکام رہے ہیں بلکہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ کے بدترین اسٹرائیک ریٹ کے حامل بلے باز کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
بابر اعظم اب تک ورلڈ کپس میں مجموعی طور پر 18 میچز کھیل کر 35.25 کی اوسط کے ساتھ 564 رنز اسکور کرچکے ہیں جس میں پانچ نصف سنچریاں بھی شامل ہے۔
تاہم ان کا اسٹرائیک ریٹ 110.37 ہے، جو میگا ایونٹس میں کم از کم 500 رنز اسکور کرنے والے بیٹرز میں کم ترین اسٹرائیک ریٹ ہے۔
اس فہرست میں پاکستان کے سابق کپتان محمد حفیظ 2007 سے 2021 کے درمیان 30 میچز میں 21.29 کی اوسط اور 111.81 کے اسٹرائیک ریٹ سے 511 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا 2007 سے 2014 کے درمیان 31 میچز میں 25.42 کی اوسط اور 112.22 کے رن ریٹ سے 661 رنز بنا کر اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔
سابق کیوی کپتان 112.53 کے اسٹرائیک ریٹ سے چوتھے، پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 112.97 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
سابق کیوی کپتان کین ولیمسن 2012ء سے 2024ء کے درمیان 29 میچز میں 31.6 کی اوسط اور 112.53 کے سٹرائیک ریٹ سے 727 رنز بنا کر اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔
پاکستان ٹیم کے سر پر ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خطرہ منڈلانے لگا!
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


