جمعہ, جون 12, 2026
اشتہار

ٹی 20 ورلڈ کپ کہانی: کِن چھوٹی ٹیموں‌ نے کب کب بڑی ٹیموں کو ہرا کر اپ سیٹ کیا؟

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (6 نومبر 2026): کرکٹ کے کھیل میں اپ سیٹ غیر معمولی نہیں تاہم اگر ورلڈ کپ میں ہو تو پورا ٹورنامنٹ اتھل پتھل ہو جاتا ہے۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا کل سے بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں آغاز ہو رہا ہے۔ 7 فروری سے 8 مارچ تک جاری رہنے والے اس میگا ایونٹ میں پہلی بار ریکارڈ 20 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

ان ٹیموں میں 8 ٹیمیں ایسی بھی ہیں، جو کرکٹ کی دنیا میں نو آموز یا پھر انٹرنیشنل کرکٹ کو بہت کم تجربہ رکھتی ہیں۔ تاہم وہ کسی بھی بڑی ٹیم کو ہرانے کی تاریخ دہرا کر اُس ٹیم کو اپ سیٹ حتیٰ کہ ایونٹ سے بھی باہر کر سکتی ہیں۔

ماضی میں کب کب اور کس کس ٹیم نے کونسی بڑی ٹیموں کو ہرا کر دنیائے کرکٹ کو حیران کیا۔ یہ جانتے ہیں اس رپورٹ میں۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ کا پہلا بڑا اپ سیٹ اس فارمیٹ کے دوسرے ایڈیشن میں ہوا جب 2009 میں میزبان انگلینڈ کو پہلے ہی میچ میں نیدرلینڈز نے اپ سیٹ شکست دے کر دنیائے کرکٹ کو حیران کر دیا۔

سال 2016 میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کی چیمپئن ٹیم ویسٹ انڈیز تھی۔ تاہم اسی ٹورنامنٹ میں ویسٹ انڈیز کو اس وقت کی افغانستان جیسی انٹرنیشنل کرکٹ میں نو آموز اور کمزور ٹیم کے خلاف شکست کا دھچکا سہنا پڑا۔

سال 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں تو اپ سیٹ کی جیسی جھڑی لگ گئی۔

ورلڈ کپ کے اس ایڈیشن میں سری لنکا کے لیے پہلا میچ اس وقت ڈراؤنا خواب بنا جب نمیبیا کے خلاف اس کو 55 رنز کے بڑے مارجن سے شکست ہوئی۔

اسی ٹورنامنٹ میں زمبابوے نے اپ سیٹ شکست دے کر پاکستان کا ورلڈ کپ تقریباً ختم کر دیا تھا۔ تاہم اس اپ سیٹ پر ایک اور اس سے بڑا اپ سیٹ نیدرلینڈز نے کیا، جس نے ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم جنوبی افریقہ کو ہرا کر پاکستان کے لیے فائنل کھیلنے کی راہ کو ہموار کیا۔

دو سال قبل 2024 میں کھیلا گیا ٹی 20 ورلڈ کپ پاکستان کے لیے بھیانک خواب ثابت ہوا۔ اس ٹورنامنٹ میں امریکا پہلی بار کسی آئی سی سی ایونٹ کا حصہ بنا۔

تاہم کرکٹ حلقوں کی جانب سے بے بی ٹیم کا خطاب پانے والی امریکی ٹیم نے سابق عالمی چیمپئن پاکستان کو ہرا کر نہ صرف دنیائے کرکٹ میں تہلکہ مچایا بلکہ گرین شرٹس کو ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ابتدائی راؤنڈ میں ہی ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

اس بار اپ سیٹ کی ہیٹ ٹرک کرنے والی نیدرلینڈز کے ساتھ عمان، امریکا، یو اے ای، اسکاٹ لینڈ، اٹلی، نمیبیا، نیپال، کینیڈا جیسی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ ان میں کون بڑی ٹیموں کو اپ سیٹ کرتا ہے، یہ آنے والا وقت بتائے گا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر کیے جانے کے بعد بنگلہ دیش کا بڑا فیصلہ

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں