کراچی (26 فروری 2026): ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں انگلینڈ سے ہار کے بعد قومی کپتان سلمان علی آغا کی فیملی کو آن لائن ہراسانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کی اہم میچ میں انگلینڈ سے شکست کے بعد قومی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی مشکل اور اگر مگر کی صورتحال سے دوچار ہو گئی ہے۔
ایسے میں کچھ شائقین نے سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کے اہل خانہ کو ہراساں کرنا شروع کر دیا ہے، جس کا انکشاف سلمان آغا کی اہلیہ صبا نے خود کیا ہے۔
سلمان آغا کی اہلیہ صبا نے انسٹا گرام پر ایک اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ ’’مجھے یا میرے معصوم بیٹے کو گالیاں دینے سے آپ ورلڈ کپ نہیں جیتیں گے۔‘‘
ان کے یہ اسٹوری شیئر کرنے کے بعد سنجیدہ طبقے سمیت قومی اور بین الاقوامی کرکٹ حلقوں میں بھی اس شرمناک رویے کی مذمت کی جا رہی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے ورلڈ کپ اسپیشل پروگرام میں میزبان اور مہمان کرکٹرز نے بھی اس کی مذمت کی ہے۔
پروگرام کے میزبان اور سابق قومی کپتان شعیب ملک نے کہا کہ یہ حق کسی کو نہیں کہ کسی کھلاڑی کے فیملی ممبر کو نشانہ بنایا جائے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹرز باسط علی اور کامران اکمل کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی فیملیز کو نشانہ بنانے والے جاہل لوگ ہیں۔ کارکردگی پر تنقید ضرور کریں، مگر کسی کھلاڑی پر ذاتی حملے نہیں کرنے چاہئیں۔
دوسری جانب جنوبی افریقا کے اسپنر تبریز شمسی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر سلمان علی آغا کی اہلیہ کی انسٹا گرام اسٹوری کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس قسم کا احمقانہ رویہ پریشان کرتا ہے۔
پروٹیز کھلاڑی نے کہا کہ ہاں آپ کو ہارنے کا دکھ ہو سکتا ہے لیکن جیتنا اور ہارنا کھیل کا حصہ ہے لیکن کھلاڑیوں کے اہل خانہ کو گالی دینے کی ضرورت نہیں۔
Its this type of stupid behaviour that pisses me off!!!!
Yeah u can be sad that your team lost, winning and losing is part of sport but there is no need to abuse players families
This goes for fans from all different countries
Have some respect for others please!
Thank you https://t.co/DlDhKlM5IV
— Tabraiz Shamsi (@shamsi90) February 25, 2026
انہوں نے کہا کہ یہ تمام مختلف ممالک کے شائقین کے لیے ہے، براہ کرم دوسروں کا کچھ احترام کریں!
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


