بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے لیے احمد آباد کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں 7 فروری سے 8 مارچ تک منعقد ہوگا، آئی سی سی جلد ہی ایونٹ کا مکمل شیڈول اور وینیوز کا اعلان کرے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے بھارت میں میچز کی میزبانی کے لیے پانچ بڑے مقامات کو شارٹ لسٹ کیا ہے، جس میں احمد آباد، دہلی، کولکتہ، چنئی اور ممبئی شامل ہے، ہر منتخب مقام پر کم از کم چھ میچز کی میزبانی متوقع ہے۔
بھارت نے آئی سی سی سے کہا ہے کہ زیادہ وینیوز پر میچز نہ رکھے جائیں، اس ٹورنامنٹ کی شریک میزبانی سری لنکا کرے گا، جہاں تین اسٹیڈیمز کا انتخاب ممکن ہے، اگرچہ مخصوص مقامات ابھی تک تصدیق نہیں ہوئے۔
آئی سی سی نے بی سی سی آئی کو آگاہ کیا ہے کہ اگر سری لنکا سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو یہ میچ کولمبو میں کھیلا جائے گا، اسی طرح اگر پاکستان فائنل تک پہنچتا ہے تو فائنل مقابلہ غیر جانبدار مقام پر ہوگا۔
پہلے سے طے شدہ معاہدے کے مطابق انتہائی متوقع بھارت پاکستان مقابلہ کولمبو میں ہوگا، کیونکہ دونوں بورڈز نے ایک دوسرے کے ملک میں نہ کھیلنے کا معاہدہ کررکھا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 اگلے سال کے آغاز میں شروع ہونے کا امکان ہے، اور بی سی سی آئی نے تجویز کردہ شیڈول آئی سی سی کو جمع کرا دیا ہے۔


