کولمبو(14 فروری 2026): آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ بی کے میچ میں آئرلینڈ نے پہلی فتح حاصل کرتے ہوئے عمان کو 96رنز سے شکست دے دی۔
کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جو ان کے لیے ایک بھیانک خواب ثابت ہوا۔ آئرلینڈ کی بیٹنگ لائن نے تباہ کن انداز میں کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں صرف 5 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز کا بڑا مجموعہ اکٹھا کر لیا۔
اننگز کے آغاز میں آئرلینڈ کو جھٹکا لگا جب ابتدائی 4 کھلاڑی صرف 64 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم اس کے بعد کپتان لورکن ٹکر اور گیرتھ ڈیلانی نے عمدہ شراکت داری قائم کی۔ دونوں نے مل کر 101 رنز کی پارٹنرشپ کی، جس کے دوران ڈیلانی 56 رنز (30 گیندوں پر) بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کپتان لورکن ٹکر نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 94 رنز 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے شاندار اننگز کھیلی۔ آخر میں جارج ڈوکریل نے صرف 9 گیندوں پر 5 چھکوں کی بدولت 35 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیل کر آئرلینڈ کے اسکور کو مزید بلند کیا۔ آخری 4 اوورز میں آئرلینڈ نے 86 رنز بنائے، جو اس ٹورنامنٹ میں اب تک کی سب سے بڑی اسکورنگ کا باعث بنا۔
236 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم مکمل طور پر ناکام رہی اور 18 اوورز میں 139 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ عمان کی جانب سے اوپنر عامر کلیم نے 50 رنز بنائے جو ان کی ٹیم کے لیے سب سے نمایاں کارکردگی تھی، جبکہ حماد مرزا نے 46 رنز کا اضافہ کیا۔
آئرلینڈ کی بولنگ میں جوش لٹل نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میتھیو ہمپریس اور بیری میکارتھی نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ جارج ڈوکریل نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح آئرلینڈ نے 96 رنز سے شاندار فتح حاصل کی، جو ٹورنامنٹ میں ان کی پہلی جیت ہے اور سپر 8 کی امیدوں کو زندہ رکھتی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


