اتوار, اپریل 12, 2026
اشتہار

’’شاداب خان‘‘ پر محمد حفیظ اور ثقلین مشتاق میں لائیو شو میں گرما گرمی!

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی (25 فروری 2026): شاداب خان کے معاملے سابق کپتان محمد حفیظ اور سابق اسپنر ثقلین مشتاق کے درمیان لائیو شو میں گرما گرمی ہو گئی۔

آئی سی سی ٹی 20 کپ کے میچز میں تواتر کے ساتھ شاداب خان کو کھلانے اور ابرار احمد کو بینچ پر بٹھائے جانے پر سابق ٹیسٹ کرکٹر حیران اور کڑی تنقید کر رہے ہیں اور تنقید میں قومی ٹیم کی شکستوں کے بعد اضافہ بھی ہو رہا ہے۔

سرکاری ٹی وی کے اسپورٹس پروگرام میں قومی آل راؤنڈر شاداب خان کے معاملے پر سابق کپتان محمد حفیظ اور دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کے درمیان لائیو شو میں گرما گرمی ہو گئی۔

محمد حفیظ نے ثقلین مشتاق سے سوال کیا کہ آپ بتائیں کہ شاداب خان بولنگ آل راؤنڈر ہے یا بیٹنگ آل راؤنڈر؟

اس پر ثقلین مشتاق جو رشتے میں شاداب خان کے سسر بھی ہیں، نے داماد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ہی ہے اور آپ اس کو کسی ایک فریم میں نہیں رکھ سکتے۔

سابق کپتان نے کہا کہ اس حوالے سے آپ کی پہلی ترجیح کیا ہوگی، بولنگ یا بیٹنگ۔ ماضی کے مایہ ناز اسپنر نے پھر کہا کہ شاداب دونوں میں ہی اچھا ہے۔

حفیظ نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسا ہے تو پھر پانچ پر آئے نا کیوں نہیں آتا؟
ثقلین مشتاق نے جواب دیا کہ ٹیم میں اسے نمبر پانچ پر بھی استعمال کیا اور میں نے خود اس کو نمبر پانچ پر کھلایا ہے۔

محمد حفیظ نے ایک بار پھر سوال دہرایا کہ آپ کو کیا لگتا ہے کہ وہ بیٹر ہے یا بولر؟

ثقلین نے کہا کہ اس میں پوٹیشنل ہے، وہ بیٹنگ بھی کر لیتا ہے، اس نے بیٹنگ میں پچھلے دو تین میچز جتوائے ہیں۔ اب وہ بیٹنگ سے جتوائے یا بولنگ سے۔ اس کا مطلب ہے کہ وہ درست ہے۔

سابق اسپنر نے محمد حفیظ سے سوال کیا کہ شاداب نے پچھلے دو تین میچز اپنی بیٹنگ سے میچ جتوائے یا نہیں جتوائے؟

اس پر سابق کپتان نے کہا کہ میں خود کو آل راؤنڈر کہتا ہوں اور میں نے پاکستان کے لیے کھیلا، لیکن میری پہلی جاب بیٹنگ ہے۔ اگر میں بیٹنگ میں کچھ نہیں کر رہا تو میرے آٹھ چھ یا چار اوور میرے کسی کام کے نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں جس کپتان کی قیادت میں کھیلا وہ کہتے تھے کہ حفیظ اگر آپ رنز نہیں کر رہے تو ہمیں ون ڈے میں آپ کے دس اور ٹی ٹوئنٹی میں چار اوور نہیں چاہئیں۔

محمد حفیظ نے کہا کہ اسی طرح نواز اور شاداب کی پہلی جاب بولنگ اور صائم کی پہلی جاب بیٹنگ ہے۔ جس کام کے لیے یہ ٹیم میں لائے گئے، اگر وہ کام ہی نہیں کر رہے تو پھر ان کا ٹیم میں ہونا کیا معنی رکھتا ہے۔

 

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں