کولمبو (27 فروری 2026): جاری ٹی 20 ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا نیا ریکارڈ بن گیا اب تک چار سنچریاں بن چکی ہیں۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں اب اپنے اختتامی مراحل کی جانب گامزن ہے۔ اس میگا ایونٹ میں جہاں ریکارڈ 20 ٹیموں نے شرکت کی، وہیں کئی دیگر ریکارڈ بھی بن رہے ہیں۔
رواں ٹی 20 ورلڈ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا ہے اور اب تک 4 سنچریاں بن چکی ہیں۔ تین سنچریاں پہہلے راؤنڈ میں جب کہ ایک سنچری سپر ایٹ مرحلے میں بنی ہے۔
رواں میگا ایونٹ کی سے پہلی سنچری سری لنکا کے پتھم نسانکا نے آسٹریلیا کے خلاف بنائی جب کہ دوسری تھری فیگر اننگ کینیڈا کی یووراج سامرہ نے نیوزی لینڈ جیسی ٹیم کے خلاف کھیل کر سب کو حیران کر دیا۔
پاکستان کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے نمیبیا کے خلاف سنچری جڑی اور سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے پاکستان کے خلاف سینکڑہ مار کر یہ تعداد چار کر دی۔
ٹورنامنٹ کے فائنل اور سیمی فائنل سمیت 6 میچز ابھی باقی ہیں جس کے باعث تھری فیگرز اننگز کی تعداد میں اضافہ ممکن ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کسی بھی ایڈیشن میں دو سے زائد سنچریز نہیں بنی ہیں۔
اب تک 2007 میں کھیلے گئے پہلے ورلڈ کپ میں صرف ایک سنچری بنی تھی۔ اس کے بعد 2012 اور 2021 کے ایڈیشنز میں بھی ایک، ایک سنچری بنی تھی۔
سال 2010 میں کھیلے گئے تیسرے ٹی 20 ورلڈ کپ کے علاوہ 2014، 2016 اور 2022 میں دو، دو سنچریاں بنائی گئی تھیں۔
اس کے علاوہ ورلڈ کپ کے دو ایڈیشن ایسے بھی گزرے ہیں، جن میں ایک بھی سنچری نہیں بن سکی۔ یہ میگا ایونٹس 2009 اور 2024 میں کھیلے گئے تھے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


