کراچی (26 فروری 2026): ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم سے متعلق درست پیشگوئیاں کرنے پر چیٹ جی پی ٹی نے سابق کرکٹر محمد عامر کو نجومی بابا بنا ڈالا۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں جاری ہے۔ اس حوالے سے اے آر وائی نیوز سمیت مختلف مقامی ٹی وی چینلز پر اسپورٹس پروگرام کیے جا رہے ہیں۔
ایسے ہی ایک مقامی نجی ٹی وی کے اسپورٹس شو میں سابق قومی فاسٹ بولر محمد عامر نے بھارتی ٹیم اور کرکٹرز سے متعلق کئی پیشگوئیاں کیں جو درست ثابت ہوئیں۔
محمد عامر نے بھارتی اوپننگ بیٹر ابھیشیک شرما کو سلاگر قرار دیا اور اس کے بعد سے وہ ٹورنامنٹ میں رنز ہی نہیں کر پا رہے۔
اسی طرح سابق فاسٹ بولر نے یہ بھی پیشگوئی کی کہ بھارت سیمی فائنل نہیں کھیلے گا اور اس پیشگوئی کے بعد بھارت جنوبی افریقہ سے اتنے شرمناک انداز میں ہارا کہ اس کے سیمی فائنل میں جانے کے لالے پڑ چکے ہیں۔
بعد ازاں نجی ٹی وی کے پروگرام میں میزبان نے کہا کہ محمد عامر نے بھارت سے متعلق اتنی درست پیشگوئیاں کیں کہ جب ہم نے چیٹ جی پی ٹی سے پوچھا کہ ان کی ساری پیشگوئیاں اور تجزیے مدنظر رکھتے ہوئے بتاؤ تو کہ انہین کیسا نظر آنا چاہیے۔
چیٹ جی پی ٹی نے اس سوال کے جواب میں ایک تصویر دی جس میں محمد عامر نے جوگیوں کا روپ دھارا ہوا ہے اور ان کے گلے میں مالائیں لٹک رہی ہیں۔
اگر اس شخصیت کا تعلق کرکٹ سے ہو تو؟ اس سوال پر چیٹ جی پی ٹی نے اسی تصویر کو ری فریش کرتے ہوئے گلے میں بلوں (بیٹس) کی مالائیں پہنا کر تصویر جاری کر دی۔
محمد عامر کی تصاویر جب شو میں دکھائی گئیں تو محمد عامر سمیت شو میں موجود تمام شرکاء قہقہے لگا کر ہنسنے لگے۔ جب کہ پیسر کا تو ہنس ہنس کر برا حال ہو گیا۔


