چنئی (17 نومبر 2026): ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے میچ میں نیوزی لینڈ نے کینیڈا کو با آسانی 8 وکٹوں سے ہرا کر سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گیا۔
چنئی کے چدمبرا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے 31 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے کینیڈا کو با آسانی 8 وکٹوں سے ہرا دیا اور سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے والی چھٹی ٹیم بن گئی۔
کینیڈا کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 174 رنز کا ہدف کیویز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر صرف 15.1 اوورز میں حاصل کر کے گروپ میں تیسری جیت حاصل کی۔
بلیک کیپس کی جانب سے گلین فلپس اور رچن رویندرا نے جارحانہ اور نا قابل شکست نصف سنچریاں بنائیں۔ دونوں بیٹرز نے بالترتیب 36 گیندوں پر 76 اور 39 گیندوں پر 59 رنز اسکور کیے۔
کینیڈا کی جانب سے ڈیلن ہیلیگر اور سعد بن ظفر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل کینیڈا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور یوراج سمرا کی جارحانہ سنچری کی بدولت 4 وکٹوں پر 174 رنز بنائے۔ یووراج نے 65 گیندوں پر 110 رنز بنائے۔ تاہم ان کی یہ اننگ ضائع گئی۔
اب تک گروپ اے سے بھارت، گروپ بی سے سری لنکا، گروپ ڈی سے جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ جب کہ گروپ سی سے انگلینڈ کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے اگلے مرحلے کا ٹکٹ کٹوا لیا ہے۔
گروپ اے سے پاکستان اور امریکا جب کہ گروپ بی سے آسٹریلیا اور زمبابوے کے درمیان سپر ایٹ مرحلے میں جانے کا مقابلہ ہے۔
اگر پاکستان کل نمیبیا کے خلاف اپنا میچ جیت جاتا ہے یا میچ بارش کی نظر ہو جاتا ہے تو گرین شرٹس اگلے مرحلے میں پہنچ جائیں گے۔ اپ سیٹ ہونے کی صورت میں امریکا بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سپر ایٹ کھیلے گا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


